متحدہ عرب امارات میں ایک اور شاندار ثقافتی منصوبے کا آغاز ہونے جا رہا ہے، دنیا کا تیسرا تیرتا ہوا میوزیم آف آرٹ دبئی میں تعمیر کیا جائے گا۔
متحدہ عرب امارات میں تعمیر ہونے والے اس منصوبے کو ’دُما‘ دبئی میوزیم آف آرٹ کا نام دیا گیا ہے جو دبئی کریک پر قائم کیا جائے گا۔
دنیا کا پہلا تیرتا ہوا میوزیم 2019 میں پیرس میں بنایا گیا تھا جبکہ دوسرا میوزیم رواں سال جنوبی کوریا میں تعمیر کے مراحل میں ہے، دبئی کا یہ منصوبہ اس سلسلے کی تیسری اور سب سے جدید مثال ہوگا۔
یہ منصوبہ الفطیم گروپ کے تعاون سے تیار کیا جا رہا ہے جو نہ صرف دبئی کا ایک نیا معمارانہ شاہکار ثابت ہوگا بلکہ شہر کے ثقافتی منظرنامے میں ایک نمایاں اضافہ بھی کرے گا۔
افتتاحی تقریب میں متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیراعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے شرکت کی، انہوں نے دنیا کے معروف جاپانی معمار تاداؤ آندو کے ڈیزائنز کا جائزہ لیا۔
شیخ محمد بن راشد المکتوم نے اپنے بیان میں کہ ثقافت اور فن کسی بھی شہر کی روح ہیں، ان کے ذریعے نہ صرف ترقی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے بلکہ یہ انسانی تہذیب اور وژن کی عکاسی بھی کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا دبئی میوزیم آف آرٹ ایک نیا مینارِ فن ثابت ہوگا جو شہر کی عالمی ثقافتی شناخت کو مزید مضبوط کرے گا۔
شیخ محمد بن راشد المکتوم نے مزید کہا کہ دبئی آج دنیا بھر کے تخلیقی اذہان کے لیے ایک پرکشش مرکز بن چکا ہے جہاں مختلف صنعتیں اور برادریاں مل کر تخلیقی معیشت کے فروغ میں کردار ادا کر رہی ہیں۔
یہ نیا منصوبہ دبئی کو عالمی سطح پر تخلیقی اور ثقافتی دارالحکومت کے طور پر مزید مستحکم کرے گا اور اسے جدید فنون کے نقشے پر نمایاں مقام دے گا۔
یہ بھی پڑھیں: صارفین میں کونسی ایپ زیادہ مقبول ہے، چیٹ جی پی ٹی یا ایکس؟
شیخ محمد بن راشد نے اس موقع پر عوامی و نجی شعبوں کے باہمی اشتراک کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دبئی میوزیم آف آرٹ اس بات کی بہترین مثال ہے کہ کس طرح شراکت داری کے ذریعے جرات مندانہ خیالات کو عملی شکل دی جا سکتی ہے اور عالمی معیار کے منصوبے مکمل کیے جا سکتے ہیں۔





