پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ہونے والی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سیریز کے ٹرافی کی رونمائی کر دی گئی ہے۔
اسلام آباد میں دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے باہمی تعاون اور کھیل کی روح کو اجاگر کرتے ہوئے سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کی۔

تقریب میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا اور ساؤتھ افریقہ کے کپتان ڈونوون فریرا نے شرکت کی۔ یہ تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والی سیریز کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے ٹی ٹونٹی سکواڈ نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریکٹس سیشن کیا، دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے بیٹنگ، باولنگ اور فیلڈنگ کے ساتھ ساتھ فزیکل ٹریننگ میں بھی حصہ لیا، ٹریننگ سیشن تقریباً تین گھنٹے جاری رہا۔
ذرائع کے مطابق کھلاڑی کل بھی پریکٹس سیشن میں حصہ لیں گے جس سے قبل ٹی ٹونٹی ٹرافی کی رونمائی کی جائے گی اور اس کے بعد دونوں ٹیموں کے کپتان پریس کانفرنس کریں گے۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین میچز پر مشتمل ٹی ٹونٹی سیریز 28 اکتوبر سے شروع ہوگی، پہلا میچ منگل کو رات 8 بجے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا میچ جمعہ اور تیسرا میچ ہفتے کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں ہوگا۔
یاد رہے کہ جنوبی افریقہ نے حال ہی میں دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز برابر کر دی تھی۔
قومی وائٹ بال ٹیم کے ہیڈکوچ مائیک ہیسن نے کہا ہے کہ ٹی ٹونٹی سیریز میں کپتان بابراعظم تیسرے نمبر پر بیٹنگ کریں گے، سیریز کے دوران ٹیم ورلڈ کپ کے حوالے سے مختلف آپشنز آزمانے پر غور کرے گی۔
ہیڈکوچ نے کہا کہ محمد حارث کو کافی مواقع دیے گئے لیکن وہ انہیں مکمل طور پر استعمال نہیں کر سکے اس لیے ابھی ان کی کارکردگی میں بہتری کی ضرورت ہے۔
مائیک ہیسن نے مزید کہا کہ ڈراپ ہونے والے کھلاڑیوں کو اپنی توجہ ڈومیسٹک کرکٹ پر مرکوز کرنی چاہیے تاکہ مستقبل میں ٹیم میں واپسی کے امکانات مضبوط ہوں۔
یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل فرنچائز کے نئے 10 سالہ معاہدے کی تیاریاں آخری مراحل میں
ہیڈکوچ نے عثمان خان کو اسپنرز کے خلاف اچھی بیٹنگ کرنے والا قرار دیا اور کہا کہ فخر زمان کو فرسٹ کلاس کرکٹ میں مزید محنت کی ضرورت ہے۔
مائیک ہیسن نے ایشیا کپ فائنل میں شکست پر ٹیم میں مایوسی کا اظہار کیا اور کہا کہ مختلف شعبوں میں بہتری کی اشد ضرورت ہے۔





