پشاور:عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی )رہنما اربا ب زین عمر نے ساتھیوں سمیت مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کرلی۔
شمولیتی تقریب میں مسلم لیگ ن کے صوبائی صدر و وفاقی وزیر امیر مقام ،ایم این اے ثمرہارون بلور سمیت پارٹی رہمناؤں اورکارکنان نے شرکت کی ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر مقام نے کہا کہ اے این پی کے ارباب زین عمر ساتھیوں سمیت مسلم لیگ ن میں شامل ہو گئے ہیں جس پر انہیں بہت خوشی ہے کہ ایسے لوگ پارٹی کا حصہ بنے۔
انہوں نے کہا کہ صوبے کی عوام کی بدقسمتی ہے کہ گزشتہ 12 سال سے ایسے لوگوں سے وابستہ رہی ہیں۔ انہوں نے وزیر اعلی خیبرپختونخوا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پختونوں کی تاریخ ہزاروں سال پرانی ہے اور کسی کو اس کی تاریخ بدلنے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح پختونوں کی تاریخ مسخ کرنے کی کوشش کی گئی وہ قابل افسوس ہے۔
امیر مقام نے صوبائی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے سوال کیا کہ یہ حکومت بغیر کابینہ کے کس طرح چل رہی ہے، افسوس کی بات ہے کہ کابینہ تشکیل دینے کے لیے ایک قیدی سے ملاقات کی شرط رکھی گئی ہے اور سیاست کو ایک قیدی سے منسوب نہیں کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلی کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ قیدی کی رہائی آپ کا کام نہیں، آپ خود گلی کوچے کے کارکن نہ سمجھیے، آپ صوبے کے چیف ایگزیکٹو ہیں۔ آپ کو اس صوبے میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اقدامات اٹھانے چاہئیں۔
انہوں نے بچوں کی تربیت کے حوالے سے کہا کہ انہیں یہ نہ سکھایا جائے کہ وہ اسلام آباد پر چڑھائی کریں۔ دہشت گردی کا آگ بجھانے کے لیے کوئی منصوبہ پیش کیا جانا چاہیے۔ تعلیمی اداروں اور صحت کے مراکز کا کیا حال ہے؟ خیبرپختونخوا کے بچوں کو لیپ ٹاپس نہیں چاہییں؟ تیسرا دور حکومت ہے، لیکن اس صوبے کے لیے کچھ نہیں کیا گیا۔ مرج اضلاع کے بقایاجات کے حوالے سے بھی کچھ نہیں کیا گیا۔





