بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرنے والوں کی فہرست سامنے آ گئی

راولپنڈی: بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے کل ملاقاتوں کا دن ہے، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی اڈیالہ جیل آئیں گے۔

کوآرڈینیٹر علی ظفر نے وزیر اعلیٰ کا نام ملاقات کے لیے جیل حکام کو بھیج دیا ہے جبکہ ملاقات کے لیے وکلاء کی فہرست بھی فراہم کی گئی ہے۔

اس فہرست میں بیرسٹر گوہر، سلمان اکرم راجہ، مشال یوسفزئی کے نام شامل ہیں۔ علاوہ ازیں، عزیر بھنڈاری اور حسنین سنبل ایڈووکیٹ بھی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرنے والوں میں شامل ہیں۔

واضح رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی دو مرتبہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے پشاور سے راولپنڈی گئے، تاہم سکیورٹی وجوہات کی بنا پر ملاقات ممکن نہ ہو سکی۔

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی عمران خان سے صوبائی کابینہ پر مشاورت کے لیے ملاقات کرنا چاہتے تھے۔ وزیراعلیٰ منتخب ہونے کے بعد انہوں نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کا اعلان بھی کیا تھا۔

اس سلسلے میں صوبائی حکومت نے وفاقی اور پنجاب حکومت کو مراسلے بھی جاری کیے، تاہم اس کے باوجود ملاقات ممکن نہ ہو سکی۔ بعدازاں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے اس حوالے سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست بھی جمع کرائی۔

23 اکتوبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو بانی پاکستان تحریکِ انصاف عمران خان سے ملاقاتوں کے احکامات پر فوری عملدرآمد کرنے کی ہدایت دی۔ عدالت نے حکم دیا کہ جو بھی فہرست سلمان اکرم راجہ فراہم کریں، ان افراد کی ملاقاتیں کرائی جائیں۔

عدالتی فیصلے کے بعد وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اڈیالہ جیل بانی سے ملنے گئے تاہم داہگل ناکہ پر انہیں روکا گیا جس پرسہیل آفریدی نے اڈیالہ روڈ کے داہگل ناکے کے قریب احتجاجی دھرنا دے کر سڑک بند کر دی۔

دھرنے میں وزیراعلیٰ کے ساتھ صوبائی صدر جنید اکبر خان اور دیگر پارٹی رہنما بھی موجود تھے۔ پولیس کی بھاری نفری ناکے پر تعینات تھی تاکہ صورتحال کنٹرول میں رکھی جا سکے۔

وزیر اعلیٰ اور ان کے ساتھیوں نے شدید نعرے بازی کی اور اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کیا، جس کے باعث سڑک پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔

بعد ازاں دھرنا ختم کیا گیا اور سہیل آفریدی سمیت دیگر رہنما بانی سے ملاقات کیے بغیر روانہ ہو گئے۔

Scroll to Top