خیبر میڈیکل یونیورسٹی نے ایم ڈی کیٹ 2025 کے نتائج جاری کر دیے

رانی عندلیب

خیبر میڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو) نے ایم ڈی کیٹ 2025 کے نتائج جاری کر دیے ہیں۔

جاری نتائج کے مطابق صرف 53 فیصد امیدوار ایم بی بی ایس کے لیے کوالیفائی کر سکے جبکہ 58 فیصد امیدوار بی ڈی ایس کے لیے کامیاب ہوئے۔

صوبے بھر سے صرف 2 فیصد امیدوار 170 سے زائد نمبر حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے جبکہ 9 فیصد امیدواروں نے 160 سے 170 کے درمیان نمبر حاصل کیے۔

کے ایم یو کے مطابق تقریباً 31 فیصد امیدوار 90 سے کم نمبر حاصل کرنے کی وجہ سے میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلے کے اہل نہیں ہو سکے۔

کے ایم یو انتظامیہ کے مطابق، 1539 امیدوار امتحان میں شریک ہی نہیں ہوئے۔ خیبرپختونخوا بھر سے مجموعی طور پر 39,986 امیدواروں نے ایم ڈی کیٹ 2025 کے لیے رجسٹریشن کرائی تھی۔

یہ بھی پڑھیں : پشاور،ایم ڈی کیٹ کے تمام انتظامات مکمل، ٹیسٹ 7 اضلاع میں بیک وقت منعقد ہوگا

پشاور:خیبر میڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو) پشاورکے زیرِ نگرانی ایم ڈی کیٹ 2025 کا امتحان 26 اکتوبر 2025 کو صوبے کے سات اضلاع پشاور، مردان، سوات، دیر لوئر، کوہاٹ، ڈیرہ اسماعیل خان اور ایبٹ آباد میں بیک وقت منعقد ہوگا، جس میں کل 39 ہزار 986 امیدوار حصہ لیں گے۔

ایم ڈی کیٹ کے پرامن، شفاف اور مؤثر انعقاد کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ، پولیس، ایف آئی اے،آئی بی، اسپیشل برانچ اور دیگر متعلقہ اداروں کے تعاون سے سیکیورٹی اور انتظامی پلان پر مکمل عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔

پشاور میں امتحانی مراکز کے گرد و نواح میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے بی آر ٹی سروس کے اوقات خصوصی طور پر صبح 6 بجے سے شروع ہوں گے تاکہ امیدوار بروقت امتحانی مراکز پہنچ سکیں۔

امتحان کے دوران شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے طلباء کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ خالی جیب امتحانی مرکز میں حاضر ہوں اور کسی بھی زیورات، پرس، رقم یا غیر متعلقہ سامان کو ساتھ نہ لائیں۔ امیدوار کے پاس صرف شناختی کارڈ، فارم-ب (اگر شناختی کارڈ نہ ہو) اور رول نمبر سلپ ہونی چاہیے۔

امتحانی مراکز میں موبائل فون، اسمارٹ واچز، ایئربڈز، کیلکولیٹر یا کسی بھی قسم کے الیکٹرانک آلات لانے پر سخت پابندی ہوگی۔ تمام امتحانی مراکز میں خفیہ کیمرے، موبائل جیمرز، واک تھرو گیٹس، اسکینرز اور مانیٹرنگ ڈیوائسز نصب کر دی گئی ہیں تاکہ کسی بھی غیر قانونی الیکٹرانک سرگرمی یا نقل کی کوشش کو روکا جا سکے۔

Scroll to Top