پی سی بی سے تحفظات،محمد رضوان کا سینٹرل کنٹریکٹ پر دستخط کرنےسے انکار

پاکستان ون ڈے ٹیم کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے نئے سینٹرل کنٹریکٹ پر دستخط کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

رضوان نے بورڈ کے سامنے دستخط کرنے کے لیے مخصوص شرائط رکھی ہیں جن میں سب سے اہم شرط یہ ہے کہ انہیں ٹی 20 اسکواڈ سے ہٹانے کی وجہ واضح طور پر بتائی جائے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے محمد رضوان کی یہ شرائط منظور نہیں کیں اور مستقبل میں بھی ان کے منظور ہونے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔

اس سال کے سینٹرل کنٹریکٹ میں 30 قومی کرکٹرز کو شامل کیا گیا، تاہم اے کٹیگری کا زمرہ ختم کر دیا گیا اور محمد رضوان کو دیگر 10 کرکٹرز کے ساتھ بی کٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق سوائے محمد رضوان کے باقی تمام کھلاڑیوں نے معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔

واضح رہے کہ محمد رضوان کی قیادت میں پاکستان ٹیم نے جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں کامیابی حاصل کی تھی لیکن جنوبی افریقہ کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز کے دوران پی سی بی نے اچانک ون ڈے ٹیم کی قیادت ان سے واپس لے کر شاہین شاہ آفریدی کو نیا کپتان مقرر کر دیا۔

 یہ بھی پڑھیں :شاہین شاہ آفریدی کو پاکستان ون ڈے ٹیم کا کپتان مقرر کردیا گیا

پاکستان کرکٹ بورڈ نے شاہین شاہ آفریدی کو پاکستان کی ون ڈے ٹیم کا کپتان مقرر کر دیا ہے۔

بائیں ہاتھ کے فاسٹ باولر جنوبی افریقہ کے خلاف تین میچوں کی ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں پاکستان کی قیادت کریں گے، جو 4 سے 8 نومبر تک فیصل آباد کے اقبال سٹیڈیم میں کھیلی جائے گی۔

شاہین کی اس سیریز کے لیے تقرری آج اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس کے بعد کی گئی جس میں وائٹ بال ہیڈ کوچ مائیک ہیسن، ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید اور سلیکشن کمیٹی کے ارکان نے شرکت کی۔

25 سالہ فاسٹ باولر نے پاکستان کی جانب سے 66 ون ڈے اور 92 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے ہیں جن میں انہوں نے مجموعی طور پر 249 وکٹیں حاصل کیں۔ 32 ٹیسٹ میچوں میں جن میں راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں جنوبی افریقہ کے خلاف جاری دوسرا ٹیسٹ شامل نہیں شاہین نے 120 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

Scroll to Top