عمران خان کے ویژن کے مطابق عوامی فلاحی منصوبوں پر عمل درآمد جاری ہے،سابق وزیراعلی علی امین گنڈا پور

سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈہ پور نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پولیس کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں،خیبرپختونخوا پولیس جدید سازوسامان سے لیس ہے اور دہشتگردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی۔

ڈیرہ اسماعیل خان پولیس لائنز میں میڈیا سے بات کرتے ہوئےعلی امین گنڈہ پور نے بتایا کہ حکومت نے پولیس کو جدید اور محفوظ انفراسٹرکچر فراہم کیا ہے اور 15 ارب روپے کی لاگت سے نئے تھانے، چیک پوسٹس اور گاڑیاں فراہم کی گئی ہیں۔

انہوں نے ڈیرہ پولیس کی کارکردگی کی تعریف کی اور بڑی ڈکیتیوں اور چوریوں کی کامیاب ٹریسنگ پر بھی انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔

سابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ جب تک خطے میں امن قائم نہیں ہوگا، ترقی ممکن نہیں۔

انہوںنے کہاکہ عمران خان کے ویژن کے مطابق عوامی فلاحی منصوبے بلا تعطل جاری ہیں،ڈیرہ، ٹانک اور وزیرستان میں صحت، نکاسی آب، فلائی اوورز اور سڑکوں کے منصوبے تیزی سے مکمل ہو رہے ہیں۔

علی امین گنڈہ پور نے کہا حکومت نے پولیس کو 15 ارب روپے کے فنڈز سے جدید سازوسامان، گاڑیاں، اسلحہ اور چیک پوسٹس فراہم کر کے فورسز کی استعداد بڑھائی ہے۔

انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ تمام منصوبے معیار اور وقت کے مطابق مکمل ہوں گے اور ان کی اولین ترجیح خطے میں امن کا قیام ہے۔

قبل ازیں علی امین گنڈاپورنے ڈیرہ اسماعیل خان میں سیف سٹی پراجیکٹ، کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر اور متعدد تھانہ جات کی نئی عمارات کا افتتاح کیا۔ تقریب میں آر پی او، ڈی پی او، کمشنر اور ڈپٹی کمشنر ڈیرہ بھی موجود تھے۔

یہ بھی پڑھیں : علی امین گنڈاپور کو وزارتِ اعلیٰ سے ہٹانے کی وجوہات عوام کے سامنے لائی جائیں ، آفتاب احمد خان شیرپاؤ

قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤنے کہا ہےکہ علی امین گنڈاپور کو وزارتِ اعلیٰ سے ہٹانے کی وجوہات عوام کے سامنے لائی جائیں اور اس معاملے کی شفاف تحقیقات کی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے تین سالہ دورِ حکومت کی کارکردگی عوام کے سامنے ہے اور اب تک ان کا کوئی واضح ویژن نظر نہیں آیا۔ اگر سوشل میڈیا پر گالم گلوچ، کرپشن اور جھوٹے اعلانات ہی عمران خان کا ویژن ہیں تو یہ ملک کے لیے نقصان دہ ہے۔

Scroll to Top