اسلام آباد : وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کرم کے علاقے میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران سات خوارجیوں کو جہنم واصل کرنے پر فورسز کی بہادری کو سراہا ہے۔
وزیرداخلہ نے اس موقع پر خوارجیوں کے خلاف لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے کیپٹن نعمان سیلم اور چھ دیگر جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ کیپٹن نعمان اور ان کے ساتھیوں نے فرض کی ادائیگی میں اپنی جانیں قربان کر کے جرات اور عزم کی اعلیٰ مثال قائم کی۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم شہید کیپٹن نعمان اور بہادر جوانوں کو سلام پیش کرتی ہے۔
ان قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا، کیونکہ وطن کے ان سپوتوں نے فتنۂ خوارج کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔
وفاقی وزیرداخلہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ فتنۂ خوارج کے مکمل خاتمے تک پوری قوم اور ریاست یکجا ہیں، اور ان شہداء کی قربانیاں پاکستان کی سلامتی اور استحکام کی ضمانت ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : کرم،سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں7 بھارتی حمایت یافتہ خوارج ہلاک،کیپٹن سمیت 6 جوان شہید
ضلع کرم میں سیکیورٹی فورسز کے اپریشن میں بھارتی حمایت یافتہ 6خوارج ہلاک جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں کیپٹن سمیت 6جوان شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع کرم کے علاقے ڈوگر میں سیکیورٹی فورسز نے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بنیاد پر کارروائی کی جس کے دوران سات بھارتی حمایت یافتہ خوارج مارے گئے۔
فائرنگ کے تبادلے میں 24 سالہ کیپٹن نعمان سلیم سمیت6جوان شہید ہوگئے۔شہید جوانوں میں حولدار امجد علی، نائیک وقاص احمد، سپاہی اعجاز علی، سپاہی محمد ولید اور سپاہی محمد شہباز شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے مطابق علاقے میں مزید بھارتی حمایت یافتہ خوارج کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔
یہ کارروائی ملک بھر میں غیر ملکی حمایت یافتہ اور دہشت گردانہ عناصر کے خاتمے کے لیے جاری مسلسل انسداد دہشت گردی مہم “عزمِ استحکام” کے تحت کی گئی ہے۔
بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے دہشت گردی کے خطرے کو ختم کرنے کےلیے پوری قوت سے مصروف عمل ہیں۔





