افغان مہاجرین کی وطن واپسی کا سلسلہ جاری، اب تک کتنے پناہ گزین واپس جا چکے؟جانئے

افغان مہاجرین کی وطن واپسی کا سلسلہ جاری، اب تک کتنے پناہ گزین واپس جا چکے؟جانئے

پاکستان میں مقیم افغان مہاجرین کی باعزت وطن واپسی کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ایک روز کے دوران صرف چمن بارڈر کے راستے 10 ہزار 700 سے زائد افغان مہاجرین کو باعزت طریقے سے افغانستان روانہ کیا گیا۔

رپورٹس کے مطابق چمن کے بعد طورخم سرحد سے بھی افغان شہریوں کی وطن واپسی کا عمل باقاعدہ طور پر شروع کر دیا گیا ہے۔ اس موقع پر ایف سی اور سول انتظامیہ کی جانب سے مہاجرین کے لیے عارضی رہائش، کھانے پینے اور دیگر سہولیات کا خاطر خواہ انتظام کیا گیا ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک مجموعی طور پر 15 لاکھ 60 ہزار سے زائد افغان مہاجرین اپنے وطن واپس جا چکے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ واپسی کا یہ عمل مکمل طور پر قانونی اور منظم طریقہ کار کے تحت جاری ہے، اور ہر شخص کے دستاویزات کی تصدیق کے بعد ہی سرحد عبور کرنے کی اجازت دی جا رہی ہے۔

پاکستان نے گزشتہ چار دہائیوں کے دوران افغان جنگ اور خانہ جنگی کے دوران لاکھوں افغان پناہ گزینوں کی میزبانی کر کے انسانیت اور بھائی چارے کی عظیم مثال قائم کی۔

حکومت پاکستان کے مطابق افغان شہریوں کی واپسی کا فیصلہ قومی سلامتی کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ آئندہ پاکستان میں کسی بھی غیر ملکی کے داخلے کے لیے پاسپورٹ اور ویزا لازمی ہوگا۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام پاک۔افغان تعلقات میں باہمی احترام اور قانون کی بالادستی کو مضبوط بنانے کی ایک اہم پیش رفت ہے۔

Scroll to Top