وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے خیبر ٹیچنگ اسپتال میں بغیر اطلاع صحت کارڈ کی بندش پر سخت نوٹس لے لیا۔
وزیراعلیٰ نےہسپتال کا دورہ کیا اور فراہم کی جانے والی صحت کی سہولیات اور ہنگامی انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے اسپتال میں بغیر اطلاع 8 گھنٹے تک صحت کارڈ کی سروس بند ہونے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے انکوائری کا حکم دیا۔
سہیل آفریدی نے حکام کو ہدایت کی کہ صحت کارڈ کے ذریعے بلا تعطل علاج کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ صحت کارڈ کے لیے ضروری فنڈز جاری ہو چکے ہیں، لہٰذا عوام کو علاج اور صحت کی سہولیات میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صحت کارڈ منصوبہ عوام کے لیے زندگی بچانے والی سہولت ہے، اس لیے اس میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ ناقابل قبول ہے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔





