پشاور: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اختیار ولی خان نے کہا ہے کہ سہیل آفریدی کے حوالے سے سامنے آنے والی ویڈیوز کا فرانزک کرایا جائے تاکہ تمام حقائق بالکل واضح ہو جائیں۔
اپنے بیان میں اختیار ولی خان نے کہا کہ ویڈیوز میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ سہیل آفریدی نے 9 مئی کے واقعات کے دوران مسلح گروہوں کی قیادت کی، جس سے ان کے کردار اور عوامی عہدے کے لیے اہلیت پر سوالات پیدا ہوئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ویڈیوز میں سہیل آفریدی ہنگامہ آرائی کرنے والے مظاہرین کے ساتھ موجود ہیں اور ریاستی اہلکاروں پر پتھراؤ کی قیادت کرتے نظر آ رہے ہیں، جو قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملے کی براہِ راست قیادت کے شواہد فراہم کرتے ہیں۔
اختیار ولی خان نے الزام عائد کیا کہ پاکستان تحریک انصاف نے ویڈیوز کو جعلی قرار دینے کی مہم شروع کر دی، لیکن فرانزک تحقیق کے بعد حقائق بالکل واضح ہو جائیں گے۔
رہنما ن لیگ نے کہا کہ یہ کہنا کہ ویڈیوز کسی اور موقع کی ہیں، جرم کی سنگینی کو کم نہیں کرتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سہیل آفریدی کا کردار 9 مئی کے دیگر ملزمان کے مقابلے میں زیادہ سنگین نوعیت کا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پہلی بار عالمی چیمپیئن: بھارت نے ویمن ورلڈ کپ اپنے نام کر لیا
انہوں نے نشاندہی کی کہ بطور وزیر اعلیٰ حلف اٹھانے کے باوجود سہیل آفریدی کے بیانات اور تقاریر آئینی حلف سے انحراف ہیں اور ریاستی اداروں کے خلاف عوام کو اُکسانا سنگین بغاوت کے مترادف ہے۔
اختیار ولی خان نے دعویٰ کیا کہ تازہ شواہد نے سہیل آفریدی اور ان کی جماعت کا اصل چہرہ بے نقاب کر دیا ہے۔





