باجوڑ میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، ریحان زیب اور مولانا خان زیب کے قتل میں ملوث دہشتگرد ہلاک

عباس خان 

باجوڑ: سیکیورٹی فورسز نے باجوڑ کے علاقے کوثر میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دہشتگرد ضیاءالدین عرف ابراہیم ادریس کو ہلاک کر دیا۔

ذرائع کے مطابق ہلاک دہشتگرد متعدد ہائی پروفائل ٹارگٹ کلنگز میں ملوث تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ضیاءالدین پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ریحان زیب کے قتل کیس میں سہولت کار جبکہ عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما مولانا خان زیب، میر اعظم خان، ڈپٹی کمشنر ناوگی اور متعدد پولیس اہلکاروں کے قتل میں براہِ راست ملوث تھا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک دہشتگرد کا تعلق کالعدم تنظیم داعش سے تھا اور وہ مختلف دہشتگردانہ کارروائیوں میں ملوث رہ چکا تھا۔

یہ بھی پڑھیں : باجوڑ:ضلعی انتظامیہ نے شہید مولانا خانزیب کی خدمات کے اعتراف میں 1 کروڑ روپے گرانٹ کی منظوری دیدی

ضلعی انتظامیہ باجوڑ نے عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے رہنما و امن پسند عالم دین شہید مولانا خانزیب کی عوامی خدمات، امن و سلامتی کے فروغ اور سماجی شعور بیدار کرنے میں نمایاں کردار کے اعتراف میں 1 کروڑ روپے کی خصوصی گرانٹ کی منظوری دی ہے۔

ڈپٹی کمشنر باجوڑ کی جانب سے پی ڈی ایم اے کو لکھے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ شہید مولانا خانزیب علاقے کے معروف شخصیت تھے اور باجوڑ میں امن کیلئے توانا آواز تھے،انھیں شدت پسندوں نے اس وقت نشانہ بنایا جب وہ 13جولائی کے امن پاسون کیلئے کمپین کررہے تھے۔

مراسلے میں مذید کہا گیا ہے کہ مولانا خانزیب ایک متحرک سماجی کارکن تھےاور انہوں نے باجوڑ کے نوجوانوں کی سماجی بیداری اوراگاہی کیلئے کام کیا ۔

واضح رہے کہ مولانا خانزیب ضلع باجوڑ میں امن مارچ کی تیاریوں کے دوران 10جولائی کو نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے شہید ہوئے تھے، اس واقعے میں ایک پولیس اہلکار بھی جامِ شہادت نوش کر چکا ہے۔

ان کی نمازِ جنازہ ان کے آبائی علاقے ناؤگئی میں ادا کی گئی جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی ۔

Scroll to Top