سلمان یوسفزئی
صوبائی وزیر تعلیم ارشد ایوب خان نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں معیاری تعلیم، سرکاری سکولوں کی بہتری، اساتذہ کی جدید خطوط پر تربیت اور محکمہ تعلیم کا مکمل ڈیجیٹائزیشن ان کی اولین ترجیحات ہیں۔
محکمہ تعلیم اور ذیلی اداروں کی بریفنگ کے دوران گفتگو میں وزیر تعلیم نے کہا کہ امتحانی نظام میں اصلاحات کے ذریعے رٹہ کلچر کا خاتمہ اور ایس ایل او بیسڈ امتحانات کا آغاز کیا جائے گا جس کے لیے پرائمری سے آٹھویں جماعت تک کے طلبہ کو تیار کیا جائے گا۔
اساتذہ کی تربیت کے لیے ڈی پی ڈی اور ڈی سی ٹی ای سے بھرپور استفادہ کیا جائے گا۔ انہوں نے صوبے کے تمام سکولوں میں مفت درسی کتابیں اور اسکول بیگز کی فراہمی، فرنیچر کی مرمت و فراہمی اور تمام ڈائریکٹوریٹس کو پیپرلیس اور ڈیجیٹل نظام میں تبدیل کرنے کا اعلان کیا۔
صوبائی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ ہاؤسنگ ٹرانسفر پر پابندی برقرار رہے گی جبکہ میرٹ پر آن لائن سسٹم متعارف کرایا جائے گا۔
ارشد ایوب نے بتایا کہ آؤٹ آف اسکول بچوں کی سکولوں میں واپسی کے لیے جامع پلان تیار کیا جا رہا ہے کمیونٹی سکولز اور اے ایل پی سینٹرز قائم کیے جائیں گے جبکہ ورچوئل لرننگ پروگرام کو دیگر اضلاع تک توسیع دی جائے گی۔
انہوں نے لڑکیوں کی تعلیم کو خصوصی ترجیح دینے اور قریبی علاقوں میں بہترین تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا۔ وزیر تعلیم نے ہدایت کی کہ ترجیحی منصوبوں کے لیے بجٹ ریلیز کا لائحہ عمل تیار کیا جائے اور محکمہ تعلیم کے کمپلینٹ سیل کو فوری طور پر فعال کیا جائے تاکہ عوامی مسائل کے حل اور آگاہی بہتر بنائی جا سکے۔





