خیبرپختونخوا میں بجلی سستی: وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے خوشخبری سنادی

پشاور: وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت محکمہ توانائی و برقیات کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے میں جاری اور مجوزہ منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ تمام منصوبوں کو مقررہ ٹائم لائنز کے مطابق مکمل کیا جائے، بصورت دیگر تاخیر کے ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ صوبے میں توانائی کے شعبے سے متعلق وفاقی امور کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا جائے گا تاکہ صوبائی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

اس سلسلے میں وفاقی حکومت کے ساتھ باضابطہ خط و کتابت کا آغاز کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔

وزیر اعلیٰ نے مقامی بجلی گھروں سے پیدا ہونے والی بجلی کی ترسیل اور تقسیم کے لیے قابل عمل پلان تیار کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ صوبے کی صنعتوں کو مقامی ذرائع سے پیدا ہونے والی بجلی رعایتی نرخوں پر فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ توانائی کے منصوبے معیشت کی بحالی، روزگار کے مواقع میں اضافے اور صنعتی ترقی کے لیے کلیدی اہمیت رکھتے ہیں اور حکومت اس شعبے کو ترجیحی بنیادوں پر آگے بڑھا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : حکومت نے صنعتوں کیلئے بجلی 15 روپے فی یونٹ سستی کردی، مشیر خزانہ

دوسری جانب حکومت نے صنعتی شعبے کیلئے بڑی ریلیف کا اعلان کرتے ہوئے بجلی کی قیمت میں 15 روپے فی یونٹ کمی کردی ہے۔

مشیرِ خزانہ خرم شہزاد کے مطابق صنعتوں کے لیے بجلی کی نئی قیمت 38 روپے سے کم ہوکر 23 روپے فی یونٹ مقرر کر دی گئی ہے۔

مشیر خزانہ نے کہا کہ بجلی کی قیمت میں کمی سے کاروبار کی لاگت میں نمایاں کمی آئے گی جس سے صنعتی سرگرمیوں میں تیزی، سرمایہ کاری کے فروغ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

خرم شہزاد کا کہنا تھا کہ حکومت کا واضح ہدف ترقی، سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع میں اضافہ ہے، حکومت نے سود کی شرح نصف کردی ہے،

سرمایہ تک رسائی آسان بنائی گئی ہے اور ٹیکس ڈھانچے میں اہم اصلاحات کی گئی ہیں۔

Scroll to Top