قازقستان نے ابراہام معاہدے میں شمولیت اختیار کرلی، ٹرمپ کا اعلان

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ قازقستان باضابطہ طور پر ابراہام معاہدے میں شامل ہو گیا ہے۔

یہ موقع وائٹ ہاؤس میں وسطی ایشیائی ممالک کے رہنماؤں سے ملاقات کے دوران سامنے آیا، جس میں قازقستان کے صدر بھی شریک تھے۔

صدر ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ قازقستان ان کی دوسری صدارت میں ابراہام معاہدے میں شامل ہونے والا پہلا ملک بن گیا ہے۔

انہوں نے قازقستان کو ایک شاندار ملک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کی شمولیت دنیا میں امن، تعاون اور خوشحالی کے فروغ میں ایک اہم قدم ہے۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ دیگر ممالک بھی جلد ابراہام معاہدے میں شامل ہوں گے، جس سے خطے میں استحکام اور ترقی کو فروغ ملے گا۔

یہ بھی پڑھیں : سنی اتحاد کونسل کے سابق چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا کو پولیس نے گرفتار کرلیا

یاد رہے کہ امریکی نمائندہ خصوصی برائے مشرق وسطیٰ اسٹیو وٹکوف نے گزشتہ روز اعلان کیا تھا کہ ایک اور ملک ابراہام معاہدے میں شامل ہونے والا ہے، جس کے تحت اسرائیل اور مسلم اکثریتی ممالک کے درمیان تعلقات معمول پر لائے جا رہے ہیں۔

ابراہام معاہدے کے تحت اسرائیل نے ٹرمپ کے پہلے دورِ صدارت میں چار مسلم ممالک کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کیے تھے، اور اب قازقستان کی شمولیت سے اس معاہدے کو مزید وسعت ملے گی۔

Scroll to Top