بنوں:خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں کے علاقے ممند خیل میں پولیس اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں سات دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔
کارروائی کے دوران پولیس کا ایک اہلکار شہید اور سات اہلکار زخمی ہو گئے جبکہ چار شہری بھی فائرنگ کی زد میں آ کر زخمی ہوئے۔
ڈی پی او بنوں کے مطابق پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی ٹیمیں علاقے میں سرچ آپریشن کر رہی تھیں کہ دہشتگردوں نے گھات لگا کر پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں ساتوں حملہ آور ہلاک ہو گئے۔
ڈی پی او کے مطابق زخمی اہلکاروں اور شہریوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
کارروائی میں شہید ہونے والے پولیس اہلکار عابد خان کی نمازِ جنازہ پولیس لائنز بنوں میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی۔ اس موقع پر پولیس افسران، ضلعی انتظامیہ اور مقامی نمائندوں نے شہید کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
یہ بھی پڑھیں : کابل ریسٹورنٹ اسلام اباد، ٹیکس چھپانے کے لیے کریڈٹ کارڈ کی بجائے کیش لینے پر بضد، چیئرمین سی ڈی اے کا ایکشن
واقعے کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے میں ناکہ بندی سخت کر دی ہے، جبکہ دہشتگردوں کے سہولت کاروں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن مزید وسیع اور تیز کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے، جو ممکنہ طور پر علاقے میں مزید حملوں کے لیے استعمال کیا جانا تھا۔





