وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی زیر صدارت پی ایم ایس اصلاحات پر اہم اجلاس، جنوری 2026 تک نئی آسامیوں کے اعلان کی ہدایت
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت پبلک سروس کمیشن سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے میں پراونشل منیجمنٹ سروس کے اصلاحاتی اقدامات اور نئی آسامیوں کے اجرا پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس میں وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ PMS کی نئی آسامیوں کا اعلان جنوری 2026 تک ہر صورت یقینی بنایا جائے اور اس مقصد کے لیے ہوم ورک اور تیاری کا عمل فوری طور پر شروع کیا جائے۔
وزیر اعلیٰ نے پبلک سروس کمیشن کے تحت امتحانات اور دیگر تمام امور کی مکمل ڈیجیٹائزیشن کی ہدایت بھی جاری کی، اور کہا کہ اس اقدام سے نہ صرف کارکردگی میں بہتری آئے گی بلکہ شفافیت بھی یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت عمران خان کے وژن کے مطابق میرٹ، شفافیت اور ڈیجیٹل گورننس کے فروغ کے لیے مؤثر اصلاحات پر کام کر رہی ہے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ حکومت غیر ضروری انسانی مداخلت اور سفارشی کلچر کے خاتمے کے لیے تمام امور کو مرحلہ وار ڈیجیٹل نظام پر منتقل کر رہی ہے۔ عوام کی سہولت اور بروقت بھرتیوں کو یقینی بنانے کے لیے پبلک سروس کمیشن کی تمام ضروریات ترجیحی بنیادوں پر پوری کی جائیں گی اور اسے مزید مضبوط اور مؤثر ادارہ بنانے کے لیے سرمایہ کاری میں اضافہ کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ نے پبلک سروس کمیشن کے تحت بھرتیوں کا عمل تیز کرنے اور اسے مکمل طور پر میرٹ پر مبنی بنانے کے لیے “آؤٹ آف باکس” پالیسی اپنانے کی ہدایت بھی کی۔
اجلاس میں صوبائی وزراء مینا خان آفریدی، آفتاب عالم، مشیر خزانہ مزمل اسلم، متعلقہ انتظامی سیکرٹریز اور چیئرمین پبلک سروس کمیشن نے شرکت کی۔





