خیبر پختونخوا میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بڑا چیلنج، بنوں میں ایس ایچ او عابد اللہ خان اغوا لشکر دفاع القدس نے ذمہ داری قبول کرلی
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال کے دوران ایک اور سنگین واقعہ پیش آیا ہے۔ بنوں سٹی کے علاقے پیپل بازار مشر داؤد شاہ میں نامعلوم مسلح افراد نے پولیس کے سینئرافسر ایس ایچ او عابد اللہ خان کو دن دہاڑے اغوا کر لیا۔
ذرائع کے مطابق مغوی افسر گل خان کے صاحبزادے ہیں اور واقعے کے وقت وہ اپنی گاڑی میں موجود تھے۔ اطلاعات کے مطابق لشکر دفاع القدس کے نام سے منسوب ایک گروپ نے ایس ایچ او کو موٹر سمیت اغوا کرنے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
علاقے میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہے جبکہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ اغوا کاروں کی تلاش کے لیے بنوں اور ملحقہ علاقوں میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
پولیس حکام نے کہا ہے کہ مغوی افسر کی بازیابی اولین ترجیح ہے اور مجرموں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔





