سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں خوارج کا حملہ ناکام بنا دیا ،حملہ آور ہلاک ہوگئے

پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں فوجی چوکی پر خوارج کے حملے کی کوشش کو ناکام بنا دیا، فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی کے نتیجے میں علاقے کو کلیئر کر دیا گیا ،متعدد حملہ آور ہلاک اور زخمی ہوئے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، ہفتہ کی شام تقریباً 6 بج کر 40 منٹ پر خوارج نے مختلف سمتوں شمال، مغرب اور جنوب مغرب سے فوجی چوکی پر فائرنگ کی، حملہ آوروں نے چھوٹے ہتھیاروں اور انڈر بیریل گرینیڈ لانچرز کا استعمال کیا جو چوکی سے تقریباً 200 سے 400 میٹر کے فاصلے پر موجود مقامات سے حملہ آور تھے۔

چوکی پر تعینات جوانوں نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے خوارج کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، سنائپرز نے بہتر پوزیشنز سنبھال لیں جبکہ فضائی نگرانی اور فوری ردعمل دینے والی ٹیمیں متحرک کی گئیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دشمن کے ٹھکانوں سے آنے والی فائرنگ کو مکمل طور پر خاموش کر دیا گیا جبکہ ڈرونز اور مارٹر ٹیموں نے ہدف بندی میں فوری معاونت فراہم کی۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق ایک خارجی ہلاک اور ایک زخمی ہوا جب انہوں نے سرائے مسجد کے رخ سے چوکی کے بیرونی حصے میں گھسنے کی کوشش کی۔

مزید فضائی اور مارٹر حملوں میں ایک اور خارجی کے مارے جانے اور تین سے چار کے زخمی ہونے کی اطلاع ملی ہے۔

فائرنگ کا تبادلہ تقریباً 7 بج کر 50 منٹ پر ختم ہوا، جس کے بعد علاقے کو کلیئر قرار دے دیا گیا، سیکیورٹی فورسز کے اہلکار محفوظ رہے اور کسی قسم کا جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔

احتیاطی اقدام کے طور پر قریبی یونٹس، بشمول ایف ڈبلیو اوٹیمیں اور 243 ونگ کی پوسٹس کو ہائی الرٹ کر دیا گیا۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ علاقے میں فضائی اور زمینی نگرانی کا سلسلہ بدستور جاری ہے ۔

یہ بھی پڑھیں: بنوں: تھانہ کینٹ ممند خیل میں پولیس کی بروقت کاروائی، 7 ملک دشمن ہلاک

واضح رہے کہ حالیہ مہینوں کے دوران شمالی وزیرستان میں خوارج کی چھوٹی سطح پر سرگرمیوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

شدت پسند عناصر دوبارہ منظم ہونے کی کوشش کر رہے ہیں، جس کے جواب میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کو مزید تیز کر دیا ہے ۔

Scroll to Top