ایران حکومت نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان جاری کشیدگی میں کمی کیلئے تعاون کی پیش کش کردی۔
نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار اور ایران کے وزیرِ خارجہ سید عباس عراقچی کے درمیان ٹیلیفون پر رابطہ ہوا جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور بین الاقوامی امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ایرانی خبر ایجنسی وانا کے مطابق دونوں رہنماؤں نے پاک ایران تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ایرانی وزیرِ خارجہ نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان بڑھتی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اختلافات کے حل کے لیے مذاکراتی عمل جاری رکھنا ناگزیر ہے۔
عباس عراقچی نے کہا کہ ایران، پاکستان اور افغانستان کے درمیان تناؤ کم کرنے اور خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ دونوں برادر اور ہمسایہ ممالک کے دیرینہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے تاکہ مختلف شعبوں میں شراکت داری کو مضبوط کیا جا سکے۔
وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے اپنے ایرانی ہم منصب کو پاکستان اور افغانستان کے درمیان ہونے والی حالیہ بات چیت اور پیش رفت سے آگاہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: افغان طالبان کا اعتبار نہیں کیا جاسکتا،ثالث بھی ناامید ہوچکے ہیں، خواجہ آصف
دونوں وزرائے خارجہ نے خطے میں امن و تعاون کے فروغ کے لیے مسلسل رابطے اور مشاورت کے عمل کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔





