27ویں آئینی ترمیم!نواز شریف بھی قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کرینگے

27ویں آئینی ترمیم!نواز شریف بھی قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کرینگے

27ویں آئینی ترمیم، نواز شریف بھی قومی اسمبلی اجلاس میں شریک ہوں گے، ترمیم کے حق میں ووٹ کاسٹ کریں گے۔

سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف آج قومی اسمبلی کے اہم اجلاس میں شریک ہوں گے اور 27ویں آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ کاسٹ کریں گے۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف کی پارلیمنٹ ہاؤس آمد کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، جب کہ مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی ارکان کو اجلاس میں لازمی حاضری کی ہدایت دی گئی ہے۔

یہ نواز شریف کی طویل عرصے بعد قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت ہوگی، جسے سیاسی حلقے اہم علامتی اور سیاسی پیغام کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔

پارلیمانی ذرائع کے مطابق آج کے اجلاس میں 27ویں آئینی ترمیم کے بل پر شق وار منظوری دی جائے گی، اور حکومت کو اس کی منظوری کے لیے درکار 224 ووٹوں سے زیادہ حمایت حاصل ہے۔

ترمیم کی منظوری کے بعد حکومت کی جانب سے وفاقی آئینی عدالت کے قیام کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جانے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ قومی اسمبلی میں اس آئینی ترمیم پر گزشتہ روز سے بحث جاری ہے، جس میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اختیارات کی تقسیم اور عدالتی دائرہ کار کے معاملات پر گرما گرم بحث دیکھنے میں آئی۔

حکومتی اراکین کے مطابق یہ ترمیم انصاف کے نظام کو مؤثر اور شفاف بنانے کی سمت ایک مثبت قدم ہے، جبکہ اپوزیشن جماعتوں کا مؤقف ہے کہ ترمیم کو عوامی مشاورت کے بغیر جلد بازی میں پیش کیا گیا۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ 27ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے بعد حکومت وفاقی آئینی عدالت کے جلد قیام کے لیے عملی اقدامات شروع کرے گی، تاکہ عدالتوں کے اختیارات اور دائرہ کار کو آئینی حد تک واضح کیا جا سکے۔

اس سلسلے میں سینیٹ کے اجلاس کے شیڈول میں بھی تبدیلی کر دی گئی ہے۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ایوانِ بالا کا اجلاس اب 13 نومبر 2025 شام 4 بجے کے بجائے 12 نومبر شام 5 بجے ہوگا، تاکہ قومی اسمبلی سے منظوری کے بعد آئینی ترمیم سینیٹ میں بھی فوری طور پر پیش کی جا سکے۔

سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق نواز شریف کی اسمبلی میں آمد نہ صرف 27ویں آئینی ترمیم کے لیے حکومت کی حمایت کو مضبوط کرے گی بلکہ مسلم لیگ (ن) کے اندرونی اور قومی سطح پر سیاسی فعالیت کی بحالی کا بھی اشارہ سمجھی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : افغانستان کے ساتھ حالت جنگ، طالبان کے نتائج بھگتیں گے: خواجہ آصف

Scroll to Top