خیبر پختونخوا میں قیام امن کیلئے جرگہ، شوکت یوسفزئی اور احمد کریم کنڈی ماڈریٹر مقرر

خیبر پختونخوا میں قیام امن کیلئے جرگہ، شوکت یوسفزئی اور احمد کریم کنڈی ماڈریٹر مقرر

خیبر پختونخوا اسمبلی میں صوبے میں قیام امن کے لیے ایک اہم اور تاریخی جرگہ جاری ہے، جس میں ایم پی اے شوکت یوسفزئی اور احمد کریم کنڈی کو ماڈریٹر مقرر کیا گیا ہے۔ امن جرگے کا اعلامیہ بعد میں وفاقی حکومت، سیکیورٹی اداروں اور ایپکس کمیٹی کے سامنے پیش کیا جائے گا

جرگے کے دوران علی اصغر خان نے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ اس میں دو سیشنز ہوں گے اور ہر سیاسی جماعت سے ایک رکن کو چار منٹ کی مدت کے لیے خطاب کرنے کا موقع دیا جائے گا، جس کے بعد گھنٹی بجائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کوشش ہے کہ جرگے کے اختتام پر ایک متفقہ قرارداد منظور کی جائے اور تمام سفارشات اس میں شامل ہوں گی۔

امن جرگے میں خیبر پختونخوا کے تمام شہداء کے لیے اجتماعی دعا بھی کی گئی، جس کی قیادت مولانا لطف الرحمٰن نے کی۔ رکن صوبائی اسمبلی احمد کریم کنڈی نے ماہ نومبر میں اقبال کے اشعار پیش کیے، جبکہ وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی مہمانوں سے فرداً فرداً ملاقات کر کے ان سے مصافحہ کیا۔

اس موقع پر اسمبلی ہال میں 400 افراد کے بیٹھنے کا انتظام کیا گیا، اور جرگے کے دوران سخت سیکیورٹی پلان نافذ کیا گیا۔ جرگے میں بڑی سیاسی جماعتوں کے رہنما، مذہبی شخصیات، عمائدین اور پارلیمنٹرینز کو مدعو کیا گیا ہے، جبکہ شرکاء کے لیے خصوصی پاسز جاری کیے گئے ہیں۔

اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی بھی اسمبلی پہنچ گئے، جہاں ان کا گارڈ آف آنر کے ساتھ استقبال کیا گیا۔ اسپیکر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جن جماعتوں کو دعوت دی گئی ہے، وہ سب جرگے میں شریک ہوں گی اور امید ہے کہ خیبر پختونخوا امن جرگہ کامیاب ثابت ہوگا۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان نے کہا کہ یہ تاریخی جرگہ صوبے کے تمام مکاتب فکر کو مدعو کر کے منعقد کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی قیادت میں صوبائی حکومت امن و امان کی بہتری کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے اور آج کے جرگے کا مقصد یہ ہے کہ امن کے فیصلے عوامی نمائندہ ایوانوں کے اندر ہوں اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ گفت و شنید کے ذریعے دیرپا امن قائم کیا جائے۔

ذرائع کے مطابق جرگے میں شرکت کرنے والے شرکاء نے دہشت گردی کے خاتمے، عوام کی سلامتی اور صوبے میں دیرپا امن کے لیے مشترکہ لائحہ عمل تیار کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

Scroll to Top