جب میں گرفتار تھی توعرفان صدیقی میرے بچوں کیلئے ناشتہ لاتے تھے، فلک ناز

جب میں گرفتار تھی توعرفان صدیقی میرے بچوں کیلئے ناشتہ لاتے تھے، فلک ناز

فلک ناز چترالی کی جذباتی یادیں، مرحوم سینیٹر عرفان صدیقی نے گرفتار ی کے دوران بچوں کی دیکھ بھال کی، ایوان بالا میں رہنمائی اور شفیق کردار ہمیشہ یاد رہیں گے

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سینیٹر فلک ناز چترالی نے مرحوم سینیٹر عرفان صدیقی کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کے جانے سے نہ صرف سیاسی بلکہ ذاتی سطح پر بھی نقصان ہوا ہے۔

سینیٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فلک ناز نے کہا کہ جب وہ گرفتار تھیں، تو مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر عرفان صدیقی مسلسل ان کے بچوں کی دیکھ بھال کرتے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ عرفان صدیقی روزانہ ان کے بچوں کے لیے ناشتہ اور کھانا لاتے اور تسلی دیتے کہ ’’اگر تمہاری ماں جیل میں ہیں تو میں تمہارا انکل ہوں، تمہیں کسی چیز کی ضرورت ہو تو مجھے بتاؤ۔‘‘

فلک ناز نے کہا کہ اپنے والد کے انتقال کے بعد عرفان صدیقی کی وفات نے انہیں ایک اور گہرے دکھ میں مبتلا کر دیا۔ انہوں نے مرحوم کی شخصیت کو نہ صرف شفیق اور ہمدرد قرار دیا بلکہ ایوان بالا میں ان کے کردار کو رہنمائی کا باعث بھی بتایا۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر اور سینیٹ میں پارٹی کے پارلیمانی لیڈر عرفان صدیقی پیر کے روز انتقال کر گئے۔ وہ دو ہفتے سے علیل تھے اور اسلام آباد کے ایک نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔

عرفان صدیقی مارچ 2021 میں سینیٹ کے رکن منتخب ہوئے اور خارجہ امور کمیٹی کے چیئرمین بھی رہے۔ وہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کے قریبی ساتھیوں میں شمار ہوتے تھے اور اپنی سیاسی اور ذاتی خدمات کے باعث ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔

Scroll to Top