سیریز کا اہم مقابلہ : پاکستان اور سری لنکا آج دوبارہ آمنے سامنے

راولپنڈی: راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم آج پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے ون ڈے کی میزبانی کرے گا۔

دونوں ٹیموں نے مقابلے سے ایک روز قبل اسٹیڈیم میں بھرپور مشقوں کے ذریعے اپنی تیاریاں حتمی شکل دی۔

پریکٹس سیشن کے دوران اسٹیڈیم میں بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ پر خصوصی توجہ دی گئی، جبکہ سری لنکن اسکواڈ کے اسٹیڈیم پہنچنے پر شائقینِ کرکٹ نے ان کا پرجوش استقبال کیا۔

مہمان کھلاڑیوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور پاکستانی شائقین نے دونوں ممالک کی دوستی کو سراہا۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان کی سیکیورٹی فورسز مضبوط اور ہر طرح کے حالات سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

قومی کھلاڑیوں نے بھی پریکٹس کے دوران سری لنکن کرکٹرز سے خوشگوار انداز میں ملاقات کی۔ اس موقع پر شائقین کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گردی کو شکست دے دی ہے اور اب ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کا ماحول پہلے سے زیادہ محفوظ اور پُرامن ہے۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بھی راولپنڈی اسٹیڈیم کا دورہ کیا اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔

یہ بھی پڑھیں : متبادل تجارتی راستے پر پاکستان کی کڑی نگرانی، افغان ٹرانزٹ کنٹینرز پھنس گئے

ان کے ہمراہ سری لنکا کے ہائی کمشنر، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری اور آئی جی اسلام آباد بھی موجود تھے۔ سری لنکن ہائی کمشنر نے انتظامات پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سری لنکا کو 6 رنز سے شکست دے کر ایک صفر کی برتری حاصل کر رکھی ہے۔ 300 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم 50 اوورز میں 293 رنز تک محدود رہی تھی۔

آج کا میچ سیریز کے نتیجے پر گہرہ اثر ڈالے گا، جبکہ دونوں ٹیمیں جیت کے عزم کے ساتھ میدان میں اتریں گی۔

Scroll to Top