آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اختتام کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے بنگلادیش کے خلاف ون ڈے سیریز کے شیڈول کا باقاعدہ اعلان کر دیا گیا ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ون ڈے انٹرنیشنل سیریز مارچ میں کھیلی جائے گی۔
شیڈول کے مطابق قومی ٹیم 9 مارچ کو بنگلادیش پہنچے گی، جبکہ 10 مارچ کو کھلاڑی پریکٹس سیشن میں حصہ لے کر سیریز کی تیاری کریں گے۔
پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان پہلا ون ڈے 11 مارچ کو کھیلا جائے گا، دوسرا میچ 13 مارچ جبکہ تیسرا اور آخری مقابلہ 15 مارچ کو ہوگا۔ سیریز کے تمام میچز ڈھاکا کے شیرِ بنگلا نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں منعقد کیے جائیں گے۔
یہ گزشتہ برس جولائی کے بعد پاکستان ٹیم کا بنگلادیش کا دوسرا دورہ ہوگا۔ یاد رہے کہ جولائی میں دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلی گئی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز میں بنگلادیش نے کامیابی حاصل کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں : رہائی فورس پر مرکز کا سخت ردعمل، خواجہ آصف بول پڑے
اس سے قبل مئی اور جون میں بنگلادیشی ٹیم نے پاکستان کا دورہ کیا تھا، جہاں سلمان علی آغا کی قیادت میں قومی ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی سیریز تین صفر سے اپنے نام کی تھی۔
آئندہ ون ڈے سیریز دونوں ٹیموں کے لیے اہمیت کی حامل ہے کیونکہ یہ باہمی مقابلوں کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ عالمی کرکٹ کیلنڈر میں درجہ بندی کے لیے بھی اہم کردار ادا کرے گی۔





