وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا ایرانی ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ، مذاکرات کے ذریعے کشیدگی کم کرنے پر زور

پاکستان اور ایران کے وزرائے خارجہ کے درمیان اہم ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں خطے کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے اپنے ایرانی ہم منصب عباس عراقچی  سے گفتگو کے دوران مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔

اسحاق ڈار نے گفتگو کے دوران کہا کہ کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتکاری ہی واحد مؤثر راستہ ہے، جبکہ پاکستان نے خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنے مکمل تعاون کا اعادہ بھی کیا۔ انہوں نے تمام حملوں اور جارحیت کے خاتمے پر زور دیتے ہوئے مسائل کے حل کے لیے مذاکرات اور ڈائیلاگ کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

یہ بھی پڑھیں: ایران نے 20 پاکستانی جہازوں کی آبنائے ہرمز سے گزرنے کی منظوری دے دی، وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی تصدیق

دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے باہمی رابطوں کو مزید مضبوط بنانے اور آئندہ بھی قریبی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا، تاکہ خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنائی جا سکے۔

Scroll to Top