کراچی کنگز کے نائب کپتان حسن علی نے قومی کرکٹر بابراعظم کی حمایت میں بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ بابراعظم ہماری پروڈکٹ ہے، اسے وقت دینا چاہیے، ہم لوگوں نے ہی اسے کنگ بنایا اور ہم اس کے پیچھے کھڑے ہیں۔
میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے حسن علی کا کہنا تھا کہ بابراعظم بیسٹ تھا، بیسٹ ہے اور موجودہ مشکل وقت سے بھی ضرور نکلے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم نے پہلا میچ اچھی کارکردگی کے ساتھ کھیلا، لیکن دوسرے میچ میں کارکردگی مایوس کن رہی۔
حسن علی کے مطابق ڈیوڈ وارنر اور جیمز ونس کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد ٹیم دباؤ میں آ گئی اور مطلوبہ پارٹنرشپ نہ بننے کے باعث ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ خوشدل شاہ نے پہلے میچ میں اچھی کارکردگی دکھائی، مگر آج ان کی اننگز میں بھی پارٹنرشپ کا فقدان نظر آیا۔
یہ بھی پڑھیں پی ایس ایل میں کس ٹیم نے سب سے زیادہ چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا؟
تماشائیوں کی کم تعداد پر بات کرتے ہوئے حسن علی نے کہا کہ اسٹیڈیم میں کراؤڈ لانے کے لیے فرنچائزز کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
تنقید کے حوالے سے حسن علی کا کہنا تھا کہ تنقید اگر اصلاح کے لیے ہو تو اسے قبول کیا جا سکتا ہے، مگر ذاتیات پر مبنی تنقید افسوسناک ہے۔ “ہم پروفیشنل کھلاڑی ہیں، مگر ہم بھی انسان ہیں اور اس طرح کی باتوں سے دکھ ہوتا ہے،” انہوں نے کہا۔