غزہ : فلسطینی صدر محمود عباس نے اسرائیلی یرغمالیوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حماس کی جانب سے یرغمالیوں کو نہ چھوڑنا اسرائیل کو غزہ پر حملے کا بہانہ دے رہا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق محمود عباس کا کہنا تھا کہ حماس نے قابض اسرائیلیوں کو غزہ میں اپنے جرائم کے لیے جواز فراہم کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یرغمالیوں کو رہا نہ کرنے کی سب سے بڑی قیمت فلسطینی عوام روزانہ کی بنیاد پر اپنی جانوں سے ادا کر رہے ہیں۔ یہ عذاب ہمیں ختم کرنا ہوگا، یرغمالی حوالے کر دو، ہمارے لوگ مر رہے ہیں۔
فلسطینی صدر کے ان بیانات پر حماس نے سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ حماس کے سینئر رہنما باسم نعیم نے محمود عباس کے بیان کو توہین آمیز قرار دیا اور کہا کہ صدر بار بار اور مشکوک انداز میں اسرائیلی جرائم کا الزام اپنے ہی لوگوں پر ڈال رہے ہیں۔
واضح رہے کہ بدھ کے روز اسرائیلی حملے میں غزہ کے مختلف علاقوں میں 25 فلسطینی شہید ہوئے، جن میں ایک اسکول پر بمباری سے شہید ہونے والے 11 افراد بھی شامل تھے۔
یہ بھی پڑھیں اسرائیلی فوج کے غزہ پر حملے جاری، مزید 32 فلسطینی شہید ہوگئے
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے اب تک اسرائیلی جارحیت میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 51 ہزار 305 ہو چکی ہے۔
دوسری جانب جنگ بندی کے دوران اب تک 33 اسرائیلی یرغمالیوں اور 1800 فلسطینی قیدیوں کو رہا کیا جا چکا ہے۔