خیبرپختونخوا : صوبے کے مختلف علاقوں میں شدید بارش اور تیز آندھی کے باعث بجلی کے متعدد فیڈرز ٹرپ ہو گئے جس کے نتیجے میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔
صوبائی دارالحکومت کے علاقے باگڑیاں میں تیز آندھی کے دوران دیوار گرنے سے دو افراد زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
سوات کے بالائی علاقوں میں ژالہ باری ہوئی جبکہ مردان شہر اور اس کے گردونواح میں تیز ہواؤں نے راج کیا۔ بٹ خیلہ، ہری پور اور قریبی علاقوں میں بھی موسلا دھار بارش کے ساتھ تیز ہواؤں نے تباہی مچائی۔
اسلام آباد اور راولپنڈی میں ژالہ باری ہوئی ہے اور محکمہ موسمیات نے طوفان کا الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : مہمند: تیز بارش کے دوران خانقا ماربل مائن میں آسمانی بجلی گرنے سے دو مزدور جاں بحق، ایک زخمی
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چند دنوں میں موسمی صورتحال غیر مستحکم رہنے کا امکان ہے، اس لیے شہری حفاظتی اقدامات کریں اور غیر ضروری باہر جانے سے گریز کریں۔