ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث ایران کی مختلف یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم پاکستانی طلبہ وطن واپس آنے لگے ہیں۔
پاکستان انٹرنیشنل میڈیکل اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن (پمسا) کے اعلامیے کے مطابق ہرمزگان میڈیکل یونیورسٹی کے 80 اور زنجان میڈیکل یونیورسٹی کے 97 طلبہ ایران سے پاکستان روانہ ہو چکے ہیں، جبکہ تہران کی متعدد جامعات کے طلبہ بارڈر کی طرف روانہ ہیں۔
پمسا نے اپنے اعلامیے میں کہا ہے کہ ایران میں زیر تعلیم پاکستانی میڈیکل طلبہ کی موجودہ صورتحال پر مسلسل رابطے میں ہیں۔ ایسوسی ایشن نے ایران میں پاکستانی سفارتخانے کی معاونت اور تحفظ کے اقدامات کو سراہا، جنہوں نے طلبہ کی حفاظت کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔
ایسوسی ایشن نے باقی طلبہ کے محفوظ انخلاء کے لیے ہنگامی اقدامات کی اپیل کرتے ہوئے حکومت پاکستان، بالخصوص وزارت تعلیم سے مطالبہ کیا ہے کہ تمام متعلقہ میڈیکل جامعات میں فوری وقتی تعطیلات کا اعلان کیا جائے تاکہ طلبہ کا تعلیمی تسلسل متاثر نہ ہو اور کسی قسم کے تعلیمی نقصان یا سزا سے بچا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : ایران اور اسرائیل کے درمیان امن معاہدہ جلد ہوگا،ٹرمپ کا بڑا دعویٰ
پمسا کا کہنا ہے کہ ایک منظم اور مربوط انخلاء پلان تشکیل دے دیا گیا ہے تاکہ تمام طلبہ کو محفوظ طور پر وطن واپس لایا جا سکے۔
ایسوسی ایشن نے یقین دہانی کرائی ہے کہ کوشش کی جائے گی کہ کوئی بھی طالبعلم کسی خطرے یا مشکل صورتحال کا شکار نہ ہو۔