پشاور: جمعیت علماء اسلام (ف) کے رہنما مولانا سعید الرحمان سرور نے پختون ڈیجیٹل پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان ایک سنجیدہ، زیرک اور ذمہ دار سیاستدان ہیں، جو ہمیشہ اصولی سیاست کے علمبردار رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مولانا کا کردار خصوصاً 26ویں آئینی ترمیم کے دوران نہایت مؤثر اور قابلِ ذکر رہا ہے۔
رہنما جے یو آئی نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام ہمیشہ بات چیت اور افہام و تفہیم پر یقین رکھتی ہے، اور ہر فریق سے مذاکرات کے لیے تیار رہی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ کسی سیاسی جماعت سے اتحاد کا مطلب یہ نہیں کہ اس کی ہر بات پر خاموشی اختیار کی جائے، جے یو آئی ایک نظریاتی و مذہبی جماعت ہے جو ہر معاملے میں اصولوں پر مبنی فیصلہ کرتی ہے۔
دینی جماعتوں کے باہمی اتحاد کے امکان پر بات کرتے ہوئے سعید الرحمان سرور نے کہا کہ سیاسی اتحاد کی راہیں کھل رہی ہیں اور جے یو آئی کی اولین ترجیح یہ ہے کہ مذہبی جماعتوں کو ساتھ لے کر آگے بڑھا جائے، کیونکہ ان کے اتحاد سے کامیابی بھی یقینی بنتی ہے۔
پی ٹی آئی اور جے یو آئی کے درمیان حالیہ ملاقاتوں پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی کو علم نہیں کہ پی ٹی آئی میں کتنے گروپس ہیں، اور جو افراد ملاقات کے لیے آتے ہیں، کیا ان کے پاس کوئی اختیار بھی ہے یا نہیں؟
یہ بھی پڑھیں : چارسدہ میں محکمہ تعلیم زنانہ کے دفتر سے خواتین اساتذہ کی 30 سروس بکس غائب
انہوں نے کہا کہ جب تک بااختیار نمائندے مذاکرات کے لیے سامنے نہیں آتے، کوئی حتمی نتیجہ نہیں نکل سکتا۔
رہنما جے یو آئی کا کہنا تھا کہ جماعت اپنی سیاسی حکمت عملی اصولوں اور مشاورت کی بنیاد پر طے کرتی ہے اور آئندہ بھی اسی روایت کو برقرار رکھے گی۔