روس نے افغانستان میں طالبان کی حکومت کو باضابطہ طور پر تسلیم کرلیا ہے جس کے بعد روس یہ قدم اٹھانے والا دنیا کا پہلا ملک بن گیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نئے افغان سفیر نے روس میں اپنی اسنادِ سفارت روسی حکام کو پیش کر دی ہیں جس کی افغان وزارتِ خارجہ نے بھی تصدیق کر دی ہے۔
روسی وزارتِ خارجہ کے مطابق اسلامی امارات افغانستان کی حکومت کو تسلیم کرنے سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری اور مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو تقویت ملے گی۔
اس ضمن میں روسی سفیر دمتری ژیرنوف نے کابل میں افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی سے ملاقات کی اور روسی فیصلے سے باضابطہ طور پر آگاہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی صدر ٹرمپ اور صدر پیوٹن کا ٹیلیفونک رابطہ، مشرق وسطیٰ اور ایران پر تبادلہ خیال
وزیر خارجہ امیر خان متقی نے روس کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام قابلِ تحسین ہے اور اُمید ہے کہ دیگر ممالک کے لیے بھی مثال بنے گا۔