گورنر کو آئینی حدود میں رہنا چاہئے،سیاسی سرگرمیوں میں مداخلت قبول نہیں، مینا خان آفریدی

پشاور: خیبر پختونخوا کے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی نے گورنر فیصل کریم کنڈی کے بیانات پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ گورنر کا کام صرف آئینی کردار ادا کرنا ہے، سیاسی سرگرمیوں میں مداخلت قابل قبول نہیں۔

اپنے بیان میں مینا خان آفریدی نے کہا کہ گورنر ہاؤس کو سیاسی اڈہ بنانا آئین کی خلاف ورزی ہے اور گورنر غیر جانبدار رہنے کے بجائے اپوزیشن کی زبان بول رہے ہیں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر گورنر نے سیاسی کردار ترک نہ کیا تو عوامی ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ گورنر کو اپنی آئینی حدود میں رہنا چاہیے، وہ کسی سیاسی جماعت کے نہیں بلکہ ریاست کے نمائندے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ گورنر خیبرپختونخوا اپنی جانبداری سے آئینی حلف کی خلاف ورزی کر رہے ہیں اور گورنر کے سیاسی کردار کو نہ صرف مسترد کرتے ہیں بلکہ صوبے کے عوام بھی اسے تسلیم نہیں کرتے۔

یہ بھی پڑھیں : گورنر خیبر پختونخوا کی میری حکومت گرانے کی حیثیت نہیں، علی امین گنڈاپور

مینا خان آفریدی نے کہا کہ ہم گورنر ہاؤس کی سیاسی سرگرمیوں کی مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ گورنر اپنی آئینی ذمہ داریوں تک محدود رہیں۔

Scroll to Top