ملک بھر میں مون سون بارشوں کا دوسرا مرحلہ زور و شور سے جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں کہیں ہلکی تو کہیں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری رہے گا، جس کے باعث نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ اور بالائی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے علاقوں میں گلیشیئرز کے پگھلنے کا عمل تیز ہو گیا ہے، جس کے باعث ان علاقوں میں دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہونے اور ممکنہ سیلاب کا خطرہ موجود ہے۔ خاص طور پر نوشہرہ اور پشاور کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا میں آج سے 10 جولائی تک موسلادھار بارشیں متوقع ہیں۔ شدید بارشوں کے اس سلسلے کے باعث عوام کو الرٹ رہنے اور متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔
دوسری جانب، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کمزور اور کچی تعمیرات کے قریب نہ جائیں، بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز اور درختوں سے دور رہیں، اور بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
این ڈی ایم اے اور محکمہ موسمیات نے ضلعی انتظامیہ کو بھی ہدایت دی ہے کہ نشیبی علاقوں میں نکاسیٔ آب کے نظام کو مؤثر بنایا جائے، جب کہ ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے تمام وسائل تیار رکھے جائیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارشوں کا یہ سلسلہ 10 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے دوران لینڈ سلائیڈنگ، ندی نالوں میں طغیانی اور بجلی کی بندش جیسے مسائل بھی پیش آ سکتے ہیں۔