خیبر پختونخوا میں 12 سال سے نااہل حکومت ہے، ایک بھی ترقیاتی منصوبہ شروع نہیں کیا، اختیار ولی خان

خیبر پختونخوا میں 12 سال سے نااہل حکومت ہے، ایک بھی ترقیاتی منصوبہ شروع نہیں کیا، اختیار ولی خان

وزیراعظم شہباز شریف کے کوآرڈینیٹر اختیار ولی خان نے خیبر پختونخوا کی سابقہ حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ تبدیلی کے دعویداروں نے صوبے میں ایک بھی ترقیاتی منصوبہ شروع نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ 12 سالہ دور حکومت میں خیبر پختونخوا کے عوام کو صرف وعدوں اور نعروں سے بہلایا گیا، عملی طور پر کچھ نہ کیا گیا۔

ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے اختیار ولی خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی حکومت نوجوانوں کے لیے ایک بھی کھیل کا میدان نہیں بنا سکی، تعلیم اور صحت کے شعبے زبوں حالی کا شکار ہیں، جبکہ بنیادی سہولیات تک عوام کو میسر نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ’’سوات واقعے‘‘ میں متاثرہ خاندان مدد کے لیے چیختا رہا، مگر حکومت کا کوئی نمائندہ وہاں نہ پہنچا۔ اختیار ولی خان نے الزام عائد کیا کہ سابق حکومت نے عوام سے جھوٹے وعدے کیے اور صرف سیاسی شعبدہ بازی پر انحصار کیا۔

وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’’علی امین اپنی کرسی سنبھالو، اب وقت آ گیا ہے کہ ہم خیبر پختونخوا میں حقیقی ترقیاتی منصوبے شروع کریں گے۔‘‘

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا میں اسکول، کالجز، یونیورسٹیاں اور نوجوانوں کے لیے کھیل کے میدان بنائے گی، تاکہ آنے والی نسلیں ایک بہتر مستقبل کی جانب گامزن ہو سکیں۔

Scroll to Top