نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا میں گلیشیائی جھیل پھٹنے کے ممکنہ خطرے (جی ایل او ایف کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق، شمالی علاقوں میں بڑھتے ہوئے درجہ حرارت اور آئندہ ممکنہ بارشوں کے نتیجے میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
نجی ٹی وی چینل (دنیا )کے مطابق ترجمان این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ گلیشیائی علاقوں میں غیر معمولی موسمی تبدیلیوں کے سبب جی ایل او ایف جیسے خطرات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ اس ضمن میں خیبر پختونخوا، جی بی ڈی ایم اے (گلگت بلتستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی)، اور متعلقہ ضلعی اداروں کو حساس علاقوں کی مسلسل نگرانی کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
ریسکیو 1122، فائربریگیڈ، سول ڈیفنس، اور ایمبولینس سروسز کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے، جبکہ مشقوں کے ذریعے فوری وارننگ، انخلا اور ہنگامی ردعمل کی تیاری کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق، حساس علاقوں میں ایمرجنسی مشینری اور دیگر ضروری آلات کی فوری دستیابی کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ بحران سے بروقت نمٹا جا سکے۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ندی نالوں، دریاؤں اور تیز بہاؤ والی آبی گزرگاہوں کے قریب جانے سے گریز کریں۔ خاص طور پر سیاحوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ گلیشیئرز کے قریب جانے، تصاویر بنانے یا ٹریکنگ جیسی سرگرمیوں سے احتیاط برتیں۔
این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو سڑکوں کی بحالی اور ممکنہ لینڈ سلائیڈنگ کی صورت میں فوری اقدامات کی بھی ہدایات دی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی تمام متعلقہ محکموں کو ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
ترجمان نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ ’’پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ‘‘ کے ذریعے موسم اور خطرات سے متعلق اپ ڈیٹس حاصل کرتے رہیں اور حکومتی ہدایات پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔