خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس کل طلب، مخصوص نشستوں پر ارکان حلف اٹھائیں گے

خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس کل طلب، مخصوص نشستوں پر ارکان حلف اٹھائیں گے

خیبرپختونخوا اسمبلی کا اہم اجلاس کل صبح 9 بجے پشاور میں طلب کر لیا گیا ہے، جس میں مخصوص نشستوں پر کامیاب ہونے والے 30 ارکان اسمبلی اپنی رکنیت کا حلف اٹھائیں گے۔

نجی ٹی وی چینل (آج نیوز)کے مطابق اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری کردہ ایجنڈے کے مطابق اجلاس میں 26 خواتین اور 4 اقلیتی ارکان ایوان کا حصہ بنیں گے۔ ان ارکان کے حلف اٹھانے کے بعد خیبرپختونخوا اسمبلی میں ارکان کی مجموعی تعداد 115 سے بڑھ کر 145 ہو جائے گی۔

سیاسی مبصرین کے مطابق مخصوص نشستوں پر ارکان کی شمولیت کے بعد ایوان کی تکمیل ہو جائے گی، جس سے پارلیمانی کارروائیوں میں واضح تیزی اور قانون سازی کے عمل میں روانی آنے کا امکان ہے۔ اس پیش رفت کو صوبے میں حکومت کی پالیسیوں کے تسلسل اور آئندہ قانون سازی کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ مخصوص نشستوں پر کامیابی حاصل کرنے والے ارکان کا حلف اٹھانا آئینی تقاضا ہے، جس کے بعد وہ باقاعدہ طور پر اسمبلی کارروائیوں میں حصہ لے سکیں گے۔

Scroll to Top