پاکستان نے بھارت کے پانچ طیارے مار گرائے تھے، امریکی صدر ٹرمپ

پاکستان نے بھارت کے پانچ طیارے مار گرائے تھے، امریکی صدر ٹرمپ

سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت کے دعووں کی حقیقت بے نقاب کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان نے بھارت کے خلاف ایک جھڑپ میں پانچ سے چھ جنگی طیارے مار گرائے تھے۔
نجی ٹی وی چینل (دنیا نیوز)کے مطابق سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک خطرناک جنگ کے امکانات تھے، جسے امریکی سفارتی مداخلت کے ذریعے روکا گیا۔
وائٹ ہاؤس میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا’’فضا میں طیارے گر رہے تھے، چار، پانچ، شاید چھ، لیکن میرا خیال ہے کہ پانچ بھارتی طیارے واقعی مار گرائے گئے تھے۔’’ ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے پاکستان اور بھارت کو تجارتی روابط بڑھانے اور کشیدگی کم کرنے کا مشورہ دیا تھا۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ انہیں اس بات پر فخر ہے کہ انہوں نے دنیا کی کئی جنگیں روکیں، جن میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ایٹمی کشیدگی بھی شامل تھی۔ ان کے بقول، اُس وقت دونوں ممالک میں حالات نہایت خراب تھے اور خطے میں ایٹمی جنگ کا خطرہ منڈلا رہا تھا۔
واضح رہے کہ اس جھڑپ کے دوران پاکستان نے بھارت کے کم از کم پانچ جنگی طیارے مار گرانے کا دعویٰ کیا تھا، جن میں تین رافیل طیارے بھی شامل تھے۔ بعض بھارتی عسکری ذرائع نے طیاروں کے نقصان کا اعتراف تو کیا تھا، تاہم حقیقی تعداد بتانے سے گریز کیا گیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اس موقع پر کہا کہ مئی 10 کو ہونے والی انڈیا-پاکستان جنگ بندی دراصل واشنگٹن کی سفارتی کوششوں کا نتیجہ تھی۔ تاہم بھارت کی جانب سے اس دعوے کی تردید کی گئی اور اسے امریکی تجارتی دباؤ کا نتیجہ تسلیم کرنے سے انکار کیا گیا۔
یاد رہے کہ اس کشیدگی کی بنیاد پہلگام حملہ تھا، جس کا الزام بھارتی حکومت نے حسبِ روایت پاکستان پر عائد کیا، تاہم اسلام آباد نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کی تھی، جسے بھارت نے قبول کرنے سے انکار کر دیا۔

Scroll to Top