پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے معرکۂ حق میں پاکستان کی شاندار کامیابی پر مبنی ایک مفصل اور حقائق پر مبنی ڈاکومنٹری جاری کر دی ہے، جسے ناظرین اور تجزیہ کاروں کی جانب سے بھرپور پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔
نجی ٹی وی چینل (ایکسپریس نیوز)کے مطابق ڈاکومنٹری میں معرکہ حق کے تمام اہم واقعات کو ترتیب وار انداز میں پیش کیا گیا ہے، جبکہ بھارت کی جانب سے کیے گئے فالس فلیگ آپریشن پہلگام پر بھی تفصیلی روشنی ڈالی گئی ہے۔ ویڈیو میں بھارتی شہریوں کو بھی دکھایا گیا ہے جو خود اس واقعے کو مشکوک قرار دے رہے ہیں اور اس کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
آئی ایس پی آر کی اس ریلیز میں واضح کیا گیا ہے کہ اگر بھارت کے پاس واقعی شواہد ہوتے تو وہ اب تک دنیا کے سامنے پیش کر چکا ہوتا۔ ڈاکومنٹری میں بھارتی حکومت کی خاموشی اور ناکام پروپیگنڈے پر سخت سوالات بھی اٹھائے گئے ہیں۔
مزید برآں، ڈاکومنٹری میں وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے پہلگام واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کو بھی اجاگر کیا گیا ہے، جبکہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے پیش کردہ مصدقہ شواہد اور تجزیے بھی شامل کیے گئے ہیں۔
ویڈیو میں بین الاقوامی میڈیا رپورٹس، بھارتی طیاروں کے گرائے گئے ملبے کی فوٹیج، اور مساجد کو نقصان پہنچانے کے شواہد کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ یہ ڈاکومنٹری اس امر کی واضح عکاسی کرتی ہے کہ پاکستان نے سچائی، ذمہ داری اور شفافیت کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے عالمی بیانیے کو مؤثر جواب دیا ہے۔
آئی ایس پی آر کی اس دستاویزی فلم میں شامل تمام شواہد کے ساتھ ثبوت بھی فراہم کیے گئے ہیں، اور کسی بھی دعوے کو بغیر تصدیق یا ثبوت کے پیش نہیں کیا گیا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ ڈاکومنٹری نہ صرف عوامی آگاہی کے لیے اہم ہے بلکہ بھارتی پروپیگنڈے کا مدلل اور سچ پر مبنی جواب بھی ہے۔