لانگ مارچ توڑپھوڑ کیس! علی امین اور شفقت محمود ذاتی حیثیت میں عدالت طلب

لانگ مارچ توڑپھوڑ کیس! علی امین اور شفقت محمود ذاتی حیثیت میں عدالت طلب

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے لانگ مارچ توڑ پھوڑ کیس میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اور پی ٹی آئی رہنما شفقت محمود کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کے نوٹس جاری کر دیے ہیں۔

نجی ٹی وی چینل (جیونیوز)کے مطابق کیس کی سماعت کے دوران تھانہ بارہ کہو میں درج دو مقدمات کے سلسلے میں عدالت میں چالان جمع کرایا گیا، جس میں دونوں رہنماؤں کو نامزد کیا گیا ہے۔

پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے سردار محمد مصروف خان، زاہد بشیر ڈار اور مرتضیٰ طوری عدالت میں پیش ہوئے، تاہم بعض نامزد کارکنان کی عدم حاضری پر عدالت نے ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔

عدالت نے ہدایت دی ہے کہ علی امین گنڈاپور اور شفقت محمود آئندہ سماعت پر خود پیش ہوں تاکہ کیس کی مزید کارروائی آگے بڑھائی جا سکے۔

یاد رہے کہ مذکورہ مقدمات پاکستان تحریک انصاف کی لانگ مارچ تحریک کے دوران مبینہ طور پر ہونے والی توڑ پھوڑ اور بدامنی کے واقعات کے تناظر میں درج کیے گئے تھے، جن میں پارٹی کی اعلیٰ قیادت اور متعدد کارکنان کو نامزد کیا گیا تھا۔

قانونی ماہرین کے مطابق کیس کی آئندہ سماعت میں پیش رفت تحریک انصاف کی موجودہ سیاسی پوزیشن اور قانونی حکمت عملی پر اثرانداز ہو سکتی ہے۔

Scroll to Top