سینیٹ کی نشست کے لیے مشال یوسفزئی کی نامزدگی ! بشریٰ بی بی کی بہن میدان میں آگئیں

سینیٹ کی نشست کے لیے مشال یوسفزئی کی نامزدگی ! بشریٰ بی بی کی بہن میدان میں آگئیں

پاکستان تحریک انصاف میں سینیٹ انتخابات کے حوالے سے ٹکٹوں کی تقسیم نے ایک نیا رخ اختیار کر لیا ہے، جب بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی بہن مریم ریاض وٹو نے مشال یوسفزئی کو دیے گئے سینیٹ ٹکٹ پر شدید تحفظات کا اظہار کر دیا۔

نجی ٹی وی چینل (اے آر وائی )کے مطابق مریم ریاض وٹو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں واضح کیا کہ ’’بشریٰ بی بی نے مشال یوسفزئی کے ٹکٹ کی سفارش نہیں کی، میری بہن کا نام استعمال کر کے کسی کو ٹکٹ نہ دیا جائے۔‘‘

انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس سلسلے میں انہوں نے تحریک انصاف کے قانونی مشیر سلمان اکرم راجہ کو بھی پیغام پہنچا دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’’اگر پارٹی کی کوئی مجبوری ہے یا کوئی اعلیٰ سطحی حکم ہے تو وہ اپنی جگہ، لیکن اگر جیل میں جا کر جھوٹ بول کر ٹکٹ حاصل کیا گیا تو یہ انتہائی افسوسناک ہے۔‘‘

یاد رہے کہ حالیہ دنوں تحریک انصاف نے خیبرپختونخوا سے سینیٹ انتخابات کے لیے امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دی ہے۔

پارٹی اعلامیے کے مطابق:
جنرل نشستوں پر مراد سعید، فیصل جاوید، مرزا خان آفریدی اور پیر نورالحق قادری امیدوار ہوں گے
خواتین نشست پر روبینہ ناز
ٹیکنوکریٹ نشست پر اعظم سواتی
جبکہ ثانیہ نشتر کی خالی نشست پر مشال یوسفزئی کو نامزد کیا گیا ہے

تاہم مریم وٹو کے بیان کے بعد یہ واضح ہوتا ہے کہ مشال یوسفزئی کے انتخاب پر پارٹی کے اندر اختلافات مکمل طور پر ختم نہیں ہوئے اور مخصوص ٹکٹوں کے فیصلوں پر سوالات بدستور موجود ہیں۔

سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق یہ بیان تحریک انصاف کی صفوں میں موجود شفافیت کے بحران اور فیصلہ سازی میں شخصی اثرورسوخ سے جڑے خدشات کو مزید تقویت دے سکتا ہے۔

Scroll to Top