پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کا فیصلہ!اپوزیشن معاہدے کی توثیق، ناراض امیدواروں کو کاغذات واپس لینے کی ہدایت

پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کا فیصلہ!اپوزیشن معاہدے کی توثیق، ناراض امیدواروں کو کاغذات واپس لینے کی ہدایت

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سیاسی کمیٹی نے سینیٹ انتخابات کے لیے کورنگ امیدواروں کو کاغذاتِ نامزدگی واپس لینے کی باضابطہ ہدایت جاری کر دی ہے۔ پارٹی نے اپوزیشن کے ساتھ طے پانے والے معاہدے کی توثیق کرتے ہوئے مفاہمت کی راہ ہموار کر دی ہے۔

نجی ٹی وی چینل (ایکسپریس نیوز) کے مطابق، پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کا اہم اجلاس رات گئے منعقد ہوا، جس میں بانی چیئرمین عمران خان کی جانب سے دی گئی امیدواروں کی فہرست پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا گیا۔

کمیٹی کے اجلاس میں عرفان سلیم اور مشعال یوسفزئی کے ناموں پر اعتراضات اٹھائے گئے، تاہم کمیٹی نے واضح کیا کہ بانی چیئرمین کی فہرست میں تبدیلی ممکن نہیں۔ مشعال یوسفزئی کو عمران خان کے فیصلے کی بنیاد پر امیدوار تسلیم کر لیا گیا۔

اجلاس میں اس امر پر بھی غور کیا گیا کہ اگر ناراض امیدواروں نے کاغذات واپس نہ لیے تو انہیں نوٹسز جاری کیے جا سکتے ہیں۔ سیاسی کمیٹی نے ہدایت دی ہے کہ پارٹی فیصلوں کی پاسداری ہر رکن کا فرض ہے۔

دوسری جانب، ناراض امیدواروں کا ایک اہم اجلاس آج متوقع ہے جس میں سینیٹ الیکشن سے دستبرداری یا شرکت کے فیصلے پر مشاورت کی جائے گی۔ اجلاس میں عرفان سلیم، سید ارشاد حسین، خرم ذیشان، عائشہ بانو، اور وقاص اورکزئی شامل ہوں گے۔

عرفان سلیم نے بیان دیا کہ وہ پارٹی ورکرز اور ساتھیوں سے مشاورت کے بعد ہی کوئی حتمی فیصلہ کریں گے۔

Scroll to Top