سوات: پولیس نے ننگولئی پیٹرول پمپ ڈکیتی کیس میں بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) بحرالملک کو گرفتار کر لیا۔
بحرالملک کا تعلق ضلع شانگلہ سے ہے اور وہ اس وقت سوات پولیس میں خدمات انجام دے رہا تھا۔
پولیس کے مطابق، چند ماہ قبل ننگولئی کے علاقے میں ایک پیٹرول پمپ پر ڈکیتی کی واردات پیش آئی تھی جس میں ملوث تین ملزمان کو پہلے ہی گرفتار کیا جا چکا ہے، گرفتار ملزمان میں اے ایس آئی بحرالملک کا بیٹا بھی شامل ہے۔
ایس پی انویسٹی گیشن باچا حضرت کے مطابق تفتیش کے دوران گرفتار ملزمان نے انکشاف کیا کہ واردات میں اے ایس آئی بحرالملک بھی ملوث تھا،پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مذکورہ افسر کو بھی حراست میں لے لیا۔
ایس پی انویسٹی گیشن نے کہا کہ قانون سب کے لیے برابر ہے۔ کوئی افسر ہو یا عام شہری، جرم میں ملوث ہونے پر قانونی کارروائی اور سزا یکساں ہو گی۔
یہ بھی پڑھیں : ہنگو:قانون نافذ کرنے والے اداروں کا آپریشن، 9 دہشت گرد ہلاک، ڈی پی او سمیت تین افسران زخمی
پولیس حکام کے مطابق کیس کی مزید تفتیش جاری ہے اور تمام گرفتار ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔