ویسٹ انڈیز کے جارح مزاج آل راؤنڈر آندرے رسل نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کر لیا ہے۔
آندرے رسل رواں ماہ آسٹریلیا کے خلاف کھیلی جانے والی ٹی20 سیریز کے ابتدائی دو میچز کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہہ دیں گے۔
37 سالہ رسل 20 اور 22 جولائی کو سبینا پارک، کنگسٹن میں آسٹریلیا کے خلاف ہونے والے پہلے دو ٹی20 میچز کھیلنے کے بعد ریٹائر ہو جائیں گے۔ 2019 سے وائٹ بال فارمیٹ کے سپیشلسٹ کے طور پر ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کرتے آ رہے تھے۔
انہوں نے اپنے کیریئر میں ویسٹ انڈیز کی جانب سے ایک ٹیسٹ، 56 ون ڈے اور 84 ٹی20 انٹرنیشنل میچز کھیلے جہاں ان کی شاندار آل راؤنڈ کارکردگی نے انہیں عالمی سطح پر مقبول بنایا۔
آندرے رسل نے اپنے بین الاقوامی کیریئر کے سب سے یادگار لمحے کو یاد کرتے ہوئے 2016 کے آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کا ذکر کیا۔
یہ میچ بھارت کے خلاف ممبئی میں کھیلا گیا تھا انہوں نے 193 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں صرف 20 گیندوں پر ناقابل شکست 43 رنز کی اننگز کھیلی تھی اور آخری اوور میں ویرات کوہلی کو چھکا مار کر ویسٹ انڈیز کو فتح دلائی تھی۔
اپنے بیان میں رسل کا کہنا تھا یقیناً میرے کیریئر کا بہترین لمحہ 2016 کا ورلڈ کپ تھا سیمی فائنل میں بھارت کے خلاف میچ جب میں نے اور لینڈل سیمنز نے ٹیم کو فتح دلائی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت میں مقامی تماشائیوں کے سامنے اتنے بڑے ہدف کا تعاقب ایک دباؤ والا لمحہ تھا لیکن ٹیم کا اعتماد اور بیٹنگ لائن اپ کی گہرائی نے انہیں بے خوف کھیلنے کی ہمت دی۔
یہ بھی پڑھیں: شاہد آفریدی کی ٹیم میں شمولیت پر بھارتی کھلاڑیوں نے میدان میں اترنے سے انکار کر دیا
ویسٹ انڈیز نے اسی ٹورنامنٹ کے فائنل میں انگلینڈ کو شکست دے کر چار سال کے اندر دوسرا ٹی20 ورلڈ کپ جیتا تھا اور رسل ان دونوں تاریخی فتوحات کا حصہ رہے۔