ملک بھر میں بارشیں، این ڈی ایم اے نے نیا الرٹ جاری کردیا

ملک بھر میں بارشیں، این ڈی ایم اے نے نیا الرٹ جاری کردیا

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک بھر میں شدید بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر ایک بار پھر الرٹ جاری کر دیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق خیبر پختونخوا، پنجاب اور سندھ کے مختلف علاقوں میں 25 جولائی تک وقفے وقفے سے موسلادھار بارشیں متوقع ہیں۔

این ڈی ایم اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا کے دریائے کابل، سوات، پنجکوڑہ، کالپنی نالہ اور بارہ نالہ میں طغیانی کا خدشہ ہے، نوشہرہ، مالاکنڈ، سوات اور دیر میں سیلابی ریلوں اور لینڈ سلائیڈنگ کی صورتحال پیدا ہونے کا خطرہ موجود ہے۔

پنجاب کے مختلف شہروں بشمول اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، سیالکوٹ، فیصل آباد، ملتان، خانیوال، ساہیوال اور مظفر گڑھ میں بھی شدید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے، جنوبی پنجاب کے علاقوں کوٹ ادو، تونسہ، راجن پور، بہاولپور اور رحیم یار خان میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔

سندھ میں کراچی، حیدرآباد، سکھر، جیکب آباد، ٹھٹھہ، بدین، لاڑکانہ، جامشورو، نوابشاہ اور میرپور خاص میں بھی بارشوں کے باعث سڑکوں، گلیوں اور انڈر پاسز میں پانی جمع ہونے کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آئندہ دنوں کن سیاحتی مقامات میں بارشیں اور سیلاب متوقع ہے؟ تفصیلات جاری

این ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ قیمتی اشیا اور مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کریں، جبکہ متعلقہ ادارے اور مقامی انتظامیہ نکاسی آب کے لیے مشینری اور پمپس تیار رکھیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کا بروقت مقابلہ کیا جا سکے۔

Scroll to Top