خیبرپختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر ارکان آج حلف اٹھائیں گے

خیبرپختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر ارکان آج حلف اٹھائیں گے

خیبرپختونخوا اسمبلی کا اہم اجلاس آج صبح 9 بجے اسمبلی سیکرٹریٹ پشاور میں طلب کیا گیا ہے، جس میں مخصوص نشستوں پر منتخب ہونے والے ارکانِ اسمبلی اپنی رکنیت کا حلف اٹھائیں گے۔

نجی ٹی وی چینل (آج نیوز)کے مطابق اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری کردہ ایجنڈے کے مطابق، آج کے اجلاس میں 26 خواتین اور 4 اقلیتی ارکان اسمبلی کی رکنیت کا حلف لیں گے۔ ان ارکان کی شمولیت کے بعد خیبرپختونخوا اسمبلی میں ارکان کی مجموعی تعداد 145 ہو جائے گی، جبکہ اس وقت تک ایوان میں 115 ارکان موجود ہیں۔

مخصوص نشستوں پر ارکان کے حلف اٹھانے سے ایوان مکمل ہو جائے گا، جس کے بعد پارلیمانی سرگرمیوں میں تیزی آنے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔ سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق یہ اجلاس آئندہ قانون سازی، اہم فیصلوں اور حکومتی پالیسیوں کے تسلسل کے لیے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔

خیال رہے کہ مخصوص نشستوں کا عمل مکمل ہونے سے ایوان کی نمائندگی مزید متوازن ہو جائے گی، جس سے تمام طبقات کو قانون سازی کے عمل میں شمولیت کا موقع ملے گا۔

Scroll to Top