مخصوص نشستوں پر حلف برداری: کسی نے کورم پوائنٹ آؤٹ کیا تو ہمارے پاس متبادل راستے موجود ہیں، اپوزیشن لیڈر خیبرپختونخوا

مخصوص نشستوں پر حلف برداری: کسی نے کورم پوائنٹ آؤٹ کیا تو ہمارے پاس متبادل راستے موجود ہیں، اپوزیشن لیڈر خیبرپختونخوا

خیبرپختونخوا اسمبلی میں خواتین اور اقلیتی مخصوص نشستوں پر کامیاب ہونے والے ارکان کی حلف برداری کا عمل شدید سیاسی کشیدگی اور غیر یقینی صورتحال کا شکار ہو گیا ہے۔

کورم کی ممکنہ کمی اور حکومتی بینچوں کی غیر حاضری نے اسمبلی اجلاس کو مشکلات سے دوچار کر دیا ہے، جبکہ پی ٹی آئی اور اس کی اتحادی جماعتیں سینیٹ انتخابات سے قبل حلف برداری مؤخر کروانے کے لیے متحرک دکھائی دے رہی ہیں۔

نجی ٹی وی چینل (آج نیوز)کے مطابق اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد اللّٰہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا’’ہماری خواتین ارکان دور دراز علاقوں سے حلف کے لیے آئی ہیں، مجھے نہیں لگتا کوئی شخص ایسا ہو گا جو اس عمل میں رکاوٹ ڈالے۔ اگر کسی نے کورم پوائنٹ آؤٹ کیا تو ہمارے پاس متبادل راستے موجود ہیں، اور ہم انہیں استعمال کریں گے۔‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ سینیٹ انتخابات سے متعلق اپوزیشن کی حکومت سے بات چیت جاری ہے، تاہم اگر پی ٹی آئی کے کچھ ارکان ناراض ہیں تو یہ ان کا اندرونی معاملہ ہے۔

’’ہم کسی صورت میدان خالی نہیں چھوڑیں گے،‘‘ ڈاکٹر عباد اللّٰہ نے دوٹوک مؤقف اختیار کیا۔

ادھر صوبائی وزیر زراعت اور پی ٹی آئی رہنما سجاد بارکوال نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ

’’حلف برداری کروانا اسپیکر کا اختیار ہے، حکومتی ارکان کو اجلاس کا باضابطہ مراسلہ موصول ہو چکا ہے۔‘‘

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا، جس کے بعد آئندہ لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
ایوان کے ماحول میں مسلسل بڑھتی ہوئی سیاسی گرما گرمی اور کورم کی غیر یقینی صورتحال نے اسمبلی کے اس اہم اجلاس کو بے یقینی میں دھکیل دیا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر مخصوص نشستوں پر حلف برداری مزید تاخیر کا شکار ہوئی، تو یہ صرف آئندہ سینیٹ انتخابات ہی نہیں بلکہ اسمبلی کی سیاسی فضا کو بھی شدید متاثر کر سکتی ہے۔

Scroll to Top