خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس کورم پورا نہ ہونے پر ملتوی، اپوزیشن کا احتجاج

خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس کورم پورا نہ ہونے پر ملتوی، اپوزیشن کا احتجاج

خیبرپختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان کی حلف برداری کا عمل ایک بار پھر سیاسی کشمکش اور کورم کی کمی کے باعث تاخیر کا شکار ہو گیا۔ اسمبلی کا اجلاس دو گھنٹے 24 منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا، تاہم کورم مکمل نہ ہونے پر اسے 24 جولائی تک ملتوی کر دیا گیا۔

نجی ٹی وی چینل (دنیا نیوز )کے مطابق اجلاس کی صدارت اسپیکر بابر سلیم سواتی نے کی، جب کہ رکن اسمبلی شیر علی ارباب کی جانب سے کورم کی نشاندہی کی گئی، جس پر اسپیکر نے گنتی کی ہدایت جاری کی۔ گنتی مکمل ہونے کے بعد کورم پورا نہ ہونے کی تصدیق پر اجلاس ملتوی کر دیا گیا۔

اسمبلی اجلاس میں 21 خواتین اور 4 اقلیتی ارکان سمیت 25 مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان سے حلف لینا تھا، جن میں جمعیت علماء اسلام اور مسلم لیگ (ن) کی 7، 7 خواتین، پیپلز پارٹی کی 4، اے این پی کی 2، اور پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز کی ایک خاتون شامل تھیں۔

اقلیتی نشستوں پر جے یو آئی کے عسکر پرویز اور گورپال سنگھ، مسلم لیگ (ن) کے سریش کمار، اور پیپلز پارٹی کے بہاری لالا نے بھی آج حلف اٹھانا تھا، جو اب مؤخر ہو گیا ہے۔

اجلاس میں مہمانوں کی آمد پر پابندی عائد کی گئی تھی، تاہم اپوزیشن کی جانب سے حاضری مکمل رہی جبکہ حکومتی بینچز خالی نظر آئے۔ صرف ایک حکومتی رکن اجلاس میں موجود تھا۔

دریں اثنا، وزیر قانون آفتاب عالم نے تصدیق کی کہ پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی اجلاس میں شرکت نہ کرنے اور اسمبلی اجلاس کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا گیا۔

’’ہمارے ارکان ناراض ہیں، اس لیے اجلاس میں شریک نہیں ہو رہے،‘‘
انہوں نے کہا۔اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد اللّٰہ نے اجلاس ملتوی ہونے پر ردِعمل دیتے ہوئے میڈیا کو بتایا

’’اگر کورم کی نشاندہی کی گئی تو ہمارے پاس متبادل راستے موجود ہیں۔ حلف برداری ضرور ہو گی، اگر نہیں ہوئی تو یہ پی ٹی آئی ہے، کچھ بھی ہو سکتا ہے۔‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ سینیٹ انتخابات کے حوالے سے اپوزیشن اور حکومت کے درمیان فارمولہ طے ہے، اور اگر آج یا کل حلف نہ ہوا تو وہ عدالت سے رجوع کریں گے۔

سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ مخصوص نشستوں پر حلف برداری کی تاخیر نہ صرف آئینی پیچیدگیوں کو جنم دے سکتی ہے بلکہ یہ معاملہ سینیٹ انتخابات پر بھی اثرانداز ہو سکتا ہے۔ موجودہ سیاسی تناؤ نے خیبرپختونخوا اسمبلی کی فضا کو مزید گرما دیا ہے۔

Scroll to Top