خیبرپختونخوا میں مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان کی حلف برداری آج شام 6 بجے گورنر ہاؤس میں ہونے جا رہی ہے، گورنر خیبرپختونخوا نے باضابطہ اجلاس شام 6 بجے طلب کر لیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کی جانب سے گورنر کو حلف لینے کا اختیار سونپ دیا گیا ہے جس کے بعد گورنر ہاؤس میں حلف برداری کی تقریب کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
یہ حلف آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 65 اور آرٹیکل 255(2)، نیز خیبرپختونخوا پروسیجر اینڈ کنڈکٹ آف بزنس رولز 1988 کے رول 6 کے تحت لیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے بھرپور مزاحمت کے باوجود آئین اور قانون نے اپنا راستہ نکالا ہے اور آج کی یہ تقریب نہ صرف جمہوریت کی جیت بلکہ آئینی عمل کی فتح قرار دی جا رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حلف برداری کا باضابطہ اعلان کسی بھی وقت متوقع ہے تاہم تقریب کی سیکیورٹی کو فول پروف بنایا گیا ہے اور اس میں صرف مدعو ارکان اور میڈیا نمائندگان کو شرکت کی اجازت دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس کورم پورا نہ ہونے پر ملتوی، اپوزیشن کا احتجاج
سینئر ذرائع کے مطابق آج شام گورنر ہاؤس خیبرپختونخوا کا سیاسی منظرنامہ بدلنے جا رہا ہے جب کہ پی ٹی آئی کی جانب سے پیدا کی گئی رکاوٹوں کے باوجود مخصوص نشستوں پر حلف برداری کا عمل آخرکار مکمل ہونے جا رہا ہے۔