ڈھاکا میں کھیلے جا رہے تین میچوں پر مشتمل ٹی 20 سیریز کے افتتاحی میچ میں بنگلادیش نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
میزبان ٹیم کے کپتان لٹن داس نے پاکستان کے خلاف میدان سنبھالتے ہوئے مہمان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
سیریز کی افتتاحی تقریب گزشتہ روز ایک مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی جہاں دونوں ٹیموں کے کپتان سلمان علی آغا اور لٹن داس نے ٹرافی کی رونمائی کی اور فوٹو سیشن میں حصہ لیا۔
مقامی محکمۂ موسمیات نے آج بارش کی پیش گوئی کی ہے جس کے باعث میچ متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان دوسرا اور تیسرا ٹی20 میچ بالترتیب 22 اور 24 جولائی کو شیرِ بنگلا نیشنل سٹیڈیم میں شیڈول ہیں۔
دونوں ٹیموں کے درمیان آخری ٹی 20 سیریز مئی میں پاکستان میں کھیلی گئی تھی جس میں گرین شرٹس نے 0-3 سے کلین سوئپ کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:فائنل میں ایران کو شکست :پاکستان انڈر 16 میں والی بال کا ’ایشین چیمپئن‘ بن گیا
سلمان علی آغا قومی ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں، ابرار احمد، احمد دانیال، فہیم اشرف، فخر زمان، حسن نواز، حسین طلعت، خوشدل شاہ اور محمد عباس آفریدی سکواڈ میں شامل ہیں، وکٹ کیپر محمد حارث، محمد نواز، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، سلمان مرزا اور سفیان مقیم بھی ٹیم کا حصہ ہے۔